Skip to content
اتوار, 29 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
بلاگ

کراچی کو محفوظ عمارتیں کون دے گا؟

شیئر کریں
کراچی کو محفوظ عمارتیں کون دے گا؟

غلام مصطفیٰ

کراچی ایک ایسا شہر ہے جہاں زندگی کی رفتار کبھی تھمنے کا نام نہیں لیتی۔ یہاں آئے روز نئی عمارتیں بلند ہوتی ہیں، نئی آبادیاں وجود میں آتی ہیں اور ہزاروں خاندان بہتر مستقبل کی امید میں اپنے لیے چھت تلاش کرتے ہیں، لیکن اس تیزی سے پھیلتے شہر میں ایک سوال مسلسل بے جواب ہے کہ کیا ان عمارتوں میں رہنے والوں اور انہیں تعمیر کرنے والے مزدوروں کی زندگیاں محفوظ بھی ہیں؟ کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت کا اچانک زمین بوس ہوجانا اسی سوال کا ایک المناک جواب ہے، جس نے کئی خاندانوں کے گھروں کے چراغ بجھا دیے اور شہر کے تعمیراتی نظام کی قلعی کھول کر رکھ دی۔

اس سانحے میں 28 نومبر تک 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی تھی۔ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کو گراؤنڈ پلس ون کی منظوری دی گئی تھی، لیکن مبینہ طور پر اس پر مزید منزلیں تعمیر کردی گئیں۔ یہ محض تعمیراتی ضابطوں کی خلاف ورزی نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا ایسا عمل ہے جس کی روک تھام متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمے داری تھی۔ سوال یہ ہے کہ جب ایک رہائشی پلاٹ پر منظور شدہ نقشے سے کہیں زیادہ تعمیرات ہورہی تھیں تو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کہاں تھے؟ کیا تعمیراتی کام راتوں رات مکمل ہوگیا یا اس کے پیچھے ایک ایسا انتظامی نظام موجود تھا جس میں خلاف ورزیاں دیکھنے کے باوجود نظرانداز کردی جاتی ہیں؟

ایس بی سی اے کا قیام عمارتوں کی تعمیر کو قانونی دائرے میں رکھنے، نقشوں کی منظوری، تعمیراتی معیار کی نگرانی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں آیا تھا، لیکن بدقسمتی سے کراچی میں اس ادارے کی کارکردگی مسلسل سوالات کی زد میں ہے۔ شہر میں غیر قانونی منزلوں کی تعمیر، رہائشی پلاٹوں پر کمرشل عمارتوں کی تعمیر، کمزور تعمیراتی مواد کے استعمال اور منظور شدہ نقشوں سے انحراف کی شکایات کوئی نئی بات نہیں۔ اگر یہ سب کچھ متعلقہ اداروں کی نظروں کے سامنے ہوتا رہے اور کارروائی صرف کسی بڑے حادثے کے بعد شروع ہو تو پھر نگرانی کے پورے نظام کی افادیت پر سوال اٹھنا فطری ہے۔

اس سانحے کا ایک تشویش ناک پہلو یہ بھی ہے کہ عمارت کے خلاف کارروائی کے لیے ایس بی سی اے کی جانب سے نوٹس جاری ہونے اور بلڈر کی طرف سے عدالتی حکم امتناع حاصل کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اگر کسی غیر محفوظ یا غیر قانونی تعمیر کو گرانے کا عمل عدالتی کارروائی کے باعث رک گیا تھا تو متعلقہ ادارے کی ذمے داری تھی کہ وہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عمارت کو فوری محفوظ بناتا، تعمیراتی سرگرمیاں رکواتا اور ممکنہ انسانی نقصان کا سدباب کرتا۔ کسی قانونی پیچیدگی کو شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جاسکتی کہ ایس بی سی اے کے بعض افسران کی معطلی یا تبادلے مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ اصل ضرورت اس پورے نظام کی اصلاح ہے جس میں تعمیراتی منظوری سے لے کر عمارت کی تکمیل تک ہر مرحلے کی آزادانہ اور مؤثر نگرانی کی جائے۔ اگر کوئی بلڈر قواعد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، لیکن اگر کسی افسر کی ملی بھگت، رشوت یا مجرمانہ غفلت سے غیر قانونی تعمیر ممکن ہوئی تو اسے بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سرکاری منصب کسی کو جواب دہی سے استثنیٰ نہیں دیتا۔

اب وقت آگیا ہے کہ کراچی میں تعمیر ہونے والی ہر عمارت کا جامع تکنیکی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔ عمارت کی بنیاد، زمین کی ساخت، استعمال ہونے والے سریے، سیمنٹ، کنکریٹ اور دیگر تعمیراتی مواد کا معیار مستند ماہرین سے جانچا جائے۔ نقشے کی منظوری سے لے کر تعمیر کے مختلف مراحل تک باقاعدہ معائنہ لازمی قرار دیا جائے۔ ہر عمارت کی منظوری، منظور شدہ منزلوں اور معائنے کی تفصیلات ایک آن لائن عوامی نظام میں دستیاب ہوں تاکہ شہری خود بھی تصدیق کرسکیں کہ جس عمارت میں وہ رہائش اختیار کررہے ہیں وہ قانونی اور محفوظ ہے یا نہیں۔

اس کے ساتھ شہر بھر میں پہلے سے قائم عمارتوں کا مرحلہ وار سروے بھی ناگزیر ہے۔ جو عمارتیں خطرناک قرار دی جائیں، ان کے مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کرکے محفوظ طریقے سے خالی کرایا جائے۔ کمزور عمارتوں کی مرمت اور مضبوطی کے لیے واضح ضابطے بنائے جائیں جب کہ ایسی عمارتیں جنہیں محفوظ بنانا ممکن نہ ہو، انہیں ماہرین کی نگرانی میں منہدم کیا جائے۔ تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے صرف ایس بی سی اے کے روایتی نظام پر انحصار کرنے کے بجائے آزاد انجینئرنگ اداروں اور مستند تکنیکی ماہرین کو بھی شامل کیا جائے۔

ایک اور اہم پہلو تعمیراتی مزدوروں کی حفاظت ہے۔ عمارتیں تعمیر کرنے والے محنت کش اکثر حفاظتی آلات، مناسب انتظامات اور محفوظ ماحول سے محروم ہوتے ہیں۔ ان کی زندگیوں کی قیمت کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی لاگت سے کم نہیں۔ ہر تعمیراتی مقام پر حفاظتی انتظامات، ہنگامی راستوں، تربیت اور حادثات کی صورت میں فوری امداد کا مؤثر نظام لازمی ہونا چاہیے۔

حکومت سندھ کو چاہیے کہ اس سانحے کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائے، ذمے داران کے کردار کا تعین کرے اور متاثرہ خاندانوں کی مالی و قانونی معاونت یقینی بنائے۔ کراچی کے شہری کسی احسان کے طلب گار نہیں، وہ اپنے ٹیکسوں کے عوض محفوظ رہائش، بہتر شہری سہولتوں اور قانون کی یکساں عمل داری کا حق رکھتے ہیں۔

شہر کی ترقی کا پیمانہ بلند عمارتوں کی تعداد نہیں بلکہ ان میں بسنے والے انسانوں کا تحفظ ہے۔ اگر کسی عمارت کی بلندی کے ساتھ انسانی زندگی کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہو تو ایسی تعمیر ترقی نہیں، تباہی کا پیش خیمہ ہے۔ کراچی کو مزید عمارتیں بنانے سے پہلے ایک ایسا نظام درکار ہے جو ہر اینٹ، ہر ستون اور ہر منزل کی قانونی حیثیت اور مضبوطی کا ضامن ہو۔ ایس بی سی اے کو محض نقشے منظور کرنے والا دفتر نہیں بلکہ شہری زندگیوں کا محافظ ادارہ بننا ہوگا۔ ورنہ ہر حادثے کے بعد تحقیقات، معطلیاں، بیانات اور وعدے ہوتے رہیں گے اور کسی نہ کسی گھر کا چراغ ملبے تلے بجھتا رہے گا۔ اب فیصلہ حکومت اور متعلقہ اداروں نے کرنا ہے کہ انہیں عمارتیں بچانی ہیں یا انسانوں کی زندگیاں۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/who-will-ensure-safe-buildings-in-karachi/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

266 خبریں