بلاگ سیاست یا انتشار؟

دانیال جیلانی
پاکستان اس وقت جن سیاسی، معاشی اور علاقائی چیلنجز سے گزر رہا ہے، ان حالات میں قومی قیادت سے سنجیدگی، تدبر، برداشت اور ذمے دارانہ طرزِ عمل کی توقع کی جاتی ہے۔ ملک کو سیاسی استحکام، معاشی بحالی اور داخلی امن کی ضرورت ہے، لیکن افسوس کہ بعض سیاسی رہنما اپنے بیانات اور طرزِ سیاست سے ان قومی ترجیحات کو پسِ پشت ڈالتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حُسن ہے مگر جب اختلاف کو تصادم، دھمکیوں اور عوامی زندگی مفلوج کرنے کا ذریعہ بنالیا جائے تو یہ جمہوری سیاست نہیں بلکہ قومی مفادات سے انحراف بن جاتا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا حالیہ طرزِ سیاست اسی تناظر میں کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے سرگودھا میں جماعتی اجتماع پر انتظامی پابندیوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کارکنوں کو اہم شاہراہیں، موٹرویز اور قومی راستے بند کرنے کی ہدایت کی۔ نتیجتاً کراچی سے خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں تک متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، مسافر پریشان ہوئے اور کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سوال یہ ہے کہ کسی سیاسی جماعت کے اجتماع کی اجازت یا انتظامی پابندیوں پر اختلاف کا جواب کیا پورے ملک کے شہریوں کو سزا دینا ہے؟ کیا ایک سیاسی جماعت کی ناراضی کا بوجھ ان مریضوں، طلبہ، مزدوروں، تاجروں اور مسافروں کو اٹھانا چاہیے جن کا اس سیاسی تنازع سے کوئی تعلق نہیں؟ احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، لیکن شاہراہیں بند کرنا، شہریوں کی نقل و حرکت روکنا اور روزمرہ زندگی کو مفلوج کرنا کسی صورت اس حق کا لازمی حصہ نہیں ہوسکتا۔
مولانا فضل الرحمٰن ایک تجربہ کار سیاست دان اور مذہبی رہنما ہیں۔ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی اختلافات کو مذاکرات اور پارلیمانی جدوجہد کے ذریعے حل کرنے کی مثال قائم کریں گے۔ ان کے حالیہ بیانات میں ریاستی اداروں اور حکومتی قیادت کے بارے میں سخت لب و لہجہ، وفاداری سے متعلق سوالات اور ملک گیر احتجاج کی اپیل سیاسی ماحول میں تلخی بڑھانے کا باعث بن رہی ہے۔ اختلاف ضرور کیجیے، حکومت پر تنقید بھی کیجیے، لیکن قومی یکجہتی اور ریاستی استحکام کو سیاسی دباؤ کا ہتھیار نہ بنائیے۔
یہاں وفاقی حکومت کی ذمے داری بھی نظرانداز نہیں کی جاسکتی۔ اگر کسی سیاسی جماعت کے کارکنوں یا رہنماؤں کے ساتھ غیرقانونی سلوک ہوا ہے تو اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ سیاسی اجتماع کے آئینی حق کو غیر ضروری پابندیوں سے محدود کرنے کے بجائے قانون کے مطابق سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمے داری ہے۔ حکومت کا مضبوط ہونا اس بات میں ہے کہ وہ تنقید برداشت کرے، قانون کی بالادستی قائم رکھے اور مخالفین کو بھی جمہوری دائرے میں سیاست کرنے کا موقع دے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات بھی سیاسی سنجیدگی اور قومی ذمے داری کے حوالے سے قابلِ غور ہیں۔ 17 نومبر کو کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر سندھ کی تقسیم کی صورت میں کراچی اور حیدرآباد کی سڑکوں پر خونریزی کا خدشہ ظاہر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا مقصد دھمکی دینا نہیں بلکہ ممکنہ صورت حال سے خبردار کرنا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ محض سیاسی جماعت کے سربراہ نہیں بلکہ ایک ایسی پارٹی کے قائد بھی ہیں جو وفاقی حکومت کی اتحادی ہے۔ ان کے والد صدرِ مملکت ہیں اور ان کی جماعت وفاقی اقتدار میں شریک ہے۔ ایسے میں ان کی زبان سے نکلنے والے الفاظ عام سیاسی بیان نہیں رہتے بلکہ قومی سیاست اور بین الصوبائی ہم آہنگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی اور انتظامی معاملہ ہے، جس پر اختلاف ہوسکتا ہے، تجاویز سامنے آسکتی ہیں اور پارلیمان میں بحث بھی ہونی چاہیے، لیکن اس بحث کو خونریزی اور مسلح تصادم کے خدشات سے جوڑنا کسی ذمے دار سیاسی قیادت کے شایانِ شان نہیں۔
اگر کسی تجویز سے اختلاف ہے تو اس کا جواب آئین، پارلیمان، سیاسی مذاکرات اور عوامی رائے کے ذریعے دیا جانا چاہیے۔ اسی طرح ملک کے دوسرے حصوں کے عوام کو بہتر انتظامی نظام، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور مؤثر حکمرانی کا مطالبہ کرنے کا حق بھی حاصل ہے۔ پاکستان کے انتظامی ڈھانچے پر گفتگو کو تشدد کے خدشات سے روکنا مسائل کا حل نہیں بلکہ اختلافات کو مزید پیچیدہ بنانے کے مترادف ہے۔
مزید تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ ایک طرف بلاول بھٹو زرداری سیاسی مفاہمت اور نظام میں اعتماد کی بحالی کی بات کرتے ہیں، دوسری جانب ان کے بعض بیانات سیاسی ماحول میں تلخی اور بے یقینی بڑھاتے ہیں۔ 26 نومبر کو ملتان پریس کلب میں بھی انہوں نے سیاسی نظام میں اعتماد کی بحالی اور سیاسی ری سیٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ یقیناً یہ ایک مثبت سوچ ہے، لیکن مفاہمت کا پیغام اسی وقت مؤثر ہوگا جب اس کا عملی اظہار بھی الفاظ کے ساتھ نظر آئے۔
پاکستان کو آج ایسی سیاست کی ضرورت ہے جو حکومت کو گرانے، دباؤ میں لانے یا عوامی زندگی معطل کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کو معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، ترقیاتی منصوبوں اور داخلی سلامتی جیسے اہم معاملات پر توجہ مرکوز رکھنی ہے۔ اس قومی ایجنڈے کی کامیابی کے لیے اتحادی جماعتوں سمیت تمام سیاسی قوتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو بھی یہ حقیقت پیش نظر رکھنی چاہیے کہ سیاسی عدم استحکام کا سب سے زیادہ نقصان عام شہری کو اٹھانا پڑتا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن ہوں یا بلاول بھٹو زرداری، دونوں کو اپنی سیاسی حیثیت اور عوامی اثرورسوخ کے مطابق ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ مذہبی قیادت کو احتجاج کے نام پر عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے اور سیاسی قیادت کو اپنے بیانات میں ایسے الفاظ سے گریز کرنا چاہیے جو صوبائی، لسانی یا سیاسی تقسیم کو ہوا دیں۔ پاکستان کسی ایک جماعت، خاندان یا سیاسی شخصیت کی جاگیر نہیں، یہ 25 کروڑ سے زائد شہریوں کا مشترکہ وطن ہے، جس کے امن، استحکام اور ترقی پر سب کا حق ہے۔
شاہراہیں عوام کی ہیں، ریاست سب کی ہے اور جمہوریت کا اصل مقصد بھی عوام کی خدمت ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ سیاست دان اپنی انا، جماعتی مفادات اور اقتدار کی کشمکش سے بلند ہوکر پاکستان کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دیں۔ قوم کو سڑکوں پر تصادم نہیں، معاشی خوشحالی چاہیے؛ سیاسی دھمکیاں نہیں، قومی یکجہتی درکار ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ ریاست مضبوط ہوگی تو سیاست بھی مضبوط ہوگی اور پاکستان مستحکم ہوگا تو سب کے سیاسی مستقبل محفوظ ہوں گے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/politics-or-chaos/






