پاکستانی طلبا کے لیے سامان چین پہنچ گیا، جہاز واپسی پر کورونا تدارک کی چیزیں لائے گا
اسلام آباد: چین کے شہر ووہان میں موجود پاکستانی طلبہ کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کھانے پینے کا سامان چین پہنچ گیا۔ جہاز واپسی پر کورونا کے تدارک کا سامان لے کر آئے گا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سامان کی ترسیل کے انتظامات کیے، وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے بھجوایا گیا سامان چین کے شہر ووہان میں مقیم طلبہ میں تقسیم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے این ڈی ایم اے کے اشتراک سے چین میں پاکستانی طلبہ کے لیے خوراک پہنچائی، پاکستانی طلباء کا اپنے شہریوں کی طرح بھرپور خیال رکھنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔