تاجر برادری کی مشکلات سے آگاہ ،کرونا کے پھیلاؤ کے ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے، سعید غنی

کراچی :وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی مشکلات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں لیکن اس وقت جو صورتحال ہے اس میں اس بات کے کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتے کہ وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہو، تاجروں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر اپنا کاروبار کھولنے کا دو روز قبل کا فیصلہ ملتوی کیا اور آج اپنی تجاویز دیں،

میں تاجروں کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ ان کی تجاویز کو وزیر اعلیٰ سندھ کی ٹاسک فورس کے سامنے رکھا جائے گا اور ضرورت پڑی تو تاجروں کی ایک سے دو روز میں وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات بھی کرادی جائے گی، اس وقت ہمارا مکمل فوکس صرف اور صرف کرونا وائرس سے عوام کو بچانے پر ہے ،خدانخواستہ یہ پھیلے تو اسے ہم کسی صورت کنٹرول نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ سیکریٹریٹ میں تاجروں کی مختلف ایسوسی ایشنز اور نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشیر قانون و ترجمان سندھ گورنمنٹ مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، ایڈیشنل آئی جی پولیس غلام نبی میمن، ڈی سی ساؤتھ ارشاد سوجر سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود ہیں، جبکہ اجلاس میں کراچی کی تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران جمیل احمد پراچہ، شرجیل گوپلانی، رضوان عرفان، عتیق میر، سلیم میمن، ہارون چاند، حاجی ناصر ترک، کاشف صابرانی، اسماعیل لالپوریہ، محمد احمد شمسی، حماد پونا والا، حبیب شیخ، محمود حامد، حکیم شاہ، شیخ محمد ارشاد، شیخ خالد نور، یعقوب بالی، صدیق لالہ، رفیق جدون، شاکر فینسی، شیخ خالد نور، اسلم پرویز، عبدالرحمٰن خان، عبدالغنی، جاوید شمس، الیاس میمن،طاہر زمان سمیت دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت فوری ایسے اقدامات کرے کہ کراچی میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو محدود ہی سہی لیکن بحال کیا جاسکے۔ ایک جانب 30 روز سے شہر بھر میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کی بندش نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہے تو دوسری جانب کے الیکٹرک نے حکومتی احکامات کے باوجود مارکیٹوں کی بجلی بلز کی عدم ادائیگی پر منقطع کرنا شروع کردی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ تاجروں کی جانب سے آن لائن کاروبار کی اجازت، مارکیٹوں کو ہفتہ میں دو سے تین روز ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت، ہر سیکٹر کی دکانوں کو ایک ایک دن کھولنے سمیت دیگر تجاویز کو ٹاسک فورس کے سامنے رکھا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔