اگرخدانخواستہ مساجد سے کورونا پھیلا تو انہیں بند کرنا پڑے گا، وزیراعظم
اسلام آباد: خدانخواستہ اگر مساجد سے کورونا وائرس پھیلا تو ہمیں ایکشن لینا ہوگا۔یہ بات اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا سے لڑ رہی ہے، تاہم کسی کو اندازہ نہیں کہ کورونا کی صورت حال کب بہتر ہوگی، امریکا میں 40 ہزار افراد وائرس کے باعث موت کے منہ میں جاچکے جب کہ اٹلی اور اسپین میں 20، 20 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی غیرمعینہ مدت تک لاک ڈاؤن نہیں چل سکتا ،تاہم اس حوالے سے تمام صوبوں سے بات چیت کے بعد معاملات کو آگے بڑھارہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کہاجارہا ہے باقی دنیا میں مساجد بند ہیں پاکستان میں کیوں نہیں، علما کے ساتھ صدرعارف علوی نے ملاقات کی اور 20 نکات پر اتفاق کیا ہے، بہتر ہے کہ عوام گھر میں بیٹھ کر عبادات کریں لیکن اگر مسجد جانا ہے تو 20 نکات پر عمل کیا جائے، اگر اس پر عمل نہ کیا گیا اور وائرس پھیلا تو ایکشن لیا جائے گا اور مساجد کو بند کرنا پڑے گا۔