بلاگ ادھوری دعا کا انجام

بلال ظفر سولنگی
مہرین کے ہاتھ میں وہ پرانی شال تھی جو اس نے اپنی امی کے جانے کے بعد سینے سے لگا رکھی تھی۔ بارش کی ہلکی بوندیں کھڑکی کے شیشے پر دستک دے رہی تھیں، مگر کمرے کے اندر ایک عجیب سی ویرانی پھیلی ہوئی تھی۔ اس کی آنکھوں میں وہ آنسو تھے جو بہہ کر خشک ہوچکے تھے اور دل میں ایک ایسا زخم تھا جس کا کوئی مرہم نہیں تھا۔
تین سال پہلے، جب زین اس کی زندگی میں آیا تھا تو اس نے ہر وعدہ ایسے کیا تھا جیسے وہ آسمان سے اترا کوئی سچا فرشتہ ہو۔ زین کے الفاظ میں نرمی تھی، باتوں میں یقین تھا اور دعاؤں میں مہرین کا نام تھا۔ زین اکثر کہتا، "مہرین، دنیا کچھ بھی کہے، میں تمہارا ہاتھ کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ اللہ گواہ ہے، تم میری زندگی کی سب سے قیمتی امانت ہو۔”
مہرین سادہ دل تھی۔ اس نے زین کی ہر بات کو سچ جانا۔ اس نے اپنے والدین کے سامنے کھڑے ہو کر زین کا ساتھ دیا، رشتوں کی دیواریں پھلانگیں اور اس یقین کے ساتھ آگے بڑھی کہ جس شخص نے رب کو گواہ بنا کر وعدہ کیا ہے، وہ کبھی دھوکا نہیں دے سکتا۔ زین کے لیے اس نے اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیاں قربان کیں، اپنی راتوں کی نیندیں گنوائیں اور ہر نماز میں زین کی کامیابی اور لمبی عمر کی دعا مانگی۔
مگر انسان کے دل کے بھید کون جانتا ہے؟ وقت کے ساتھ زین کا رنگ بدلنے لگا۔ پہلے مصروفیات کے بہانے آئے، پھر سردمہری اور پھر ایک دن زین نے بہت اطمینان سے کہہ دیا، "مہرین، حقیقت کا سامنا کرو۔ میرے گھر والے نہیں مانیں گے اور مجھے اپنا مستقبل بھی دیکھنا ہے۔ تم اپنے راستے جاؤ، میں اپنے راستے۔”
مہرین کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ وہ بولنا چاہتی تھی، پوچھنا چاہتی تھی کہ وہ قسمیں، وہ وعدے، وہ راتوں کو جاگ جاگ کر کی گئی باتیں کہاں گئیں؟ مگر زین نے اس کا فون بلاک کردیا اور زندگی کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کرلیے۔
مہرین نے خود کو سنبھالنے کی بہت کوشش کی۔ وہ روتی، گڑگڑاتی اور سجدے میں گر کر بس یہی کہتی، "یااللہ، میں نے کسی کا برا نہیں چاہا، بس سچے دل سے محبت کی تھی۔ اگر میں نے کوئی غلطی کی ہے تو مجھے معاف کردے اور اگر مجھے دھوکا ملا ہے تو انصاف تُو ہی کرے گا۔”
وقت گزرتا گیا۔ زین نے ایک امیر گھرانے کی لڑکی سے شادی کرلی۔ اس کے پاس گاڑی تھی، بنگلہ تھا اور ظاہری شان و شوکت تھی۔ زین سمجھتا تھا کہ اس نے سمجھ داری کا فیصلہ کیا ہے اور مہرین کو پیچھے چھوڑ کر وہ جیت گیا ہے۔ وہ دوستوں کے سامنے ہنستا، اپنی نئی زندگی کا دکھاوا کرتا اور کبھی کبھار سوچتا کہ مہرین شاید اب تک بھول چکی ہوگی۔
مگر قدرت کی چکی آہستہ چلتی ہے، مگر ضرور پیستی ہے۔ قرآن مجید میں وعدہ ہے کہ بے شک اللہ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں اور جو جیسا بوتا ہے، ویسا ہی کاٹتا ہے۔
شادی کے دو سال بعد زین کی زندگی میں ایک ایسا طوفان آیا جس نے اس کی ساری اکڑ توڑ دی۔ پہلے اس کے کاروبار میں بڑا نقصان ہوا، قرضوں کا بوجھ سر پر آ پڑا اور اعتماد ٹوٹنے سے پرانے دوست بھی ساتھ چھوڑ گئے۔ گھر کا ماحول بھی بدلنے لگا۔ جس بیوی کے پیچھے اس نے مہرین کا دل توڑا تھا، وہی اس کی بے بسی اور مالی تنگی پر طعنے دینے لگی۔ ایک دن غصے میں اس نے کہہ دیا، "مجھے لگا تھا تم بہت باصلاحیت ہو، پر تم تو اندر سے بالکل کھوکھلے نکلے۔”
زین کو لگا جیسے کسی نے اس کے سینے میں خنجر اتار دیا ہو۔ اس رات وہ تنہا اپنے کمرے میں بیٹھا تھا۔ باہر اندھیرا تھا اور اندر پچھتاوا۔ پہلی بار اسے محسوس ہوا کہ دھوکا کھانے والے کا درد کیا ہوتا ہے۔ اسے مہرین کی وہ بھیگی آنکھیں یاد آئیں، اس کی معصومیت یاد آئی اور وہ الفاظ یاد آئے جو اس نے مہرین سے کہے تھے۔
اسے اچانک خیال آیا کہ اس نے تو مہرین کا نمبر بھی بلاک کر رکھا تھا، پر کسی طرح اس نے مہرین کا حال جاننے کی کوشش کی۔ اسے معلوم ہوا کہ مہرین نے خود کو سنبھال لیا ہے۔ اس نے ایک چھوٹا سا اسکول جوائن کرلیا تھا جہاں وہ بچوں کو پڑھاتی تھی۔ اس کے چہرے پر وہی پرانی نرمی تھی، مگر آنکھوں میں ایک گہری خاموشی اور وقار تھا۔
زین نے ایک دن ہمت کرکے ایک پرانے جاننے والے کے ذریعے مہرین کو پیغام بھجوایا کہ وہ معافی مانگنا چاہتا ہے، بس ایک بار بات کرلے۔
مہرین نے جب یہ سنا تو اس کے ہاتھ کانپنے لگے۔ وہ ایک لمحے کو رُکی۔ اس کے دل میں وہی پرانی ٹیس اٹھی، مگر پھر اس نے آسمان کی طرف دیکھا اور آہ بھری۔ اس نے کہلوا بھیجا، "میں نے تمہیں کب کا معاف کردیا ہے زین۔ میرے دل میں تمہارے لیے کوئی نفرت نہیں ہے۔ بس اب میری زندگی میں مت آنا، کیونکہ جو ٹوٹ چکا ہے، وہ دوبارہ نہیں جڑ سکتا۔”
یہ سن کر زین پھوٹ پھوٹ کر رو پڑا۔ اسے لگا کہ وہ سب کچھ جیت کر بھی ہار گیا ہے۔ اس نے جس پھول کو بے دردی سے مسلا تھا، اس کی خوشبو تو آج بھی باقی تھی، مگر اس کے ہاتھ خالی تھے۔ وہ سجدے میں گر پڑا، آنسوؤں کے ساتھ گناہوں کی معافی مانگنے لگا، مگر وقت کا پہیہ آگے بڑھ چکا تھا۔ دھوکے کی سزا یہی تھی کہ جس محبت کو اس نے ٹھکرایا تھا، آج اس کی ایک جھلک کو بھی وہ ترس رہا تھا اور مہرین کی خاموشی اس کے دل کو ہمیشہ کے لیے رلاتی رہے گی۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/the-consequence-of-an-unfinished-prayer/






