بلاگ نئے صوبے، مضبوط پاکستان


فائزہ نبیل
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو اب سیاسی مخالفت، جذباتی نعروں اور انتظامی حدود کے تنازعات سے نکال کر عوامی ضروریات، معاشی منصوبہ بندی اور مستقبل کی حکمرانی کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس مرتبہ بنیادی سوال یہ نہیں ہونا چاہیے کہ کتنے صوبے بنیں گے، بلکہ یہ ہونا چاہیے کہ موجودہ نظام 25 کروڑ سے زائد آبادی کی ضروریات کس حد تک پوری کررہا ہے اور آئندہ چند دہائیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس کیا انتظامی صلاحیت موجود ہے۔
پاکستان کی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج اس بحث کو محض سیاسی خواہش کے بجائے ایک ٹھوس انتظامی ضرورت بناتے ہیں۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 2023 میں ملک کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار سے تجاوز کرچکی تھی، جبکہ 2017 میں یہ تعداد تقریباً 20 کروڑ 76 لاکھ 80 ہزار تھی۔ صرف چھ برس میں آبادی میں تقریباً 3 کروڑ 38 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔ سالانہ شرحِ نمو 2.55 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعداد بتاتے ہیں کہ آبادی بڑھنے کے ساتھ انتظامی ڈھانچے، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، پانی اور شہری سہولتوں کی طلب بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آج پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ 89 ہزار، سندھ کی 5 کروڑ 56 لاکھ 96 ہزار، خیبرپختونخوا کی 4 کروڑ 8 لاکھ 56 ہزار اور بلوچستان کی ایک کروڑ 48 لاکھ 94 ہزار سے زیادہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ اتنی بڑی اور جغرافیائی طور پر متنوع آبادی کی تمام انتظامی ضروریات چند صوبائی مراکز سے کس طرح پوری کی جاسکتی ہیں؟ یہ کسی صوبے کی صلاحیت پر اعتراض نہیں بلکہ نظام کی وسعت اور آبادی کے حجم کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی نشاندہی ہے۔
مردم شماری 2023 کے مطابق پاکستان کی تقریباً 38.88 فیصد آبادی شہری علاقوں میں رہتی ہے، جبکہ سندھ میں شہری آبادی کا تناسب 53.73 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ اس تبدیلی نے شہری انتظامیہ کے سامنے پانی، نکاسی آب، رہائش، ٹریفک، کچرے، صحت اور تعلیم کے نئے چیلنجز کھڑے کردیے ہیں۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور دیگر شہروں کی ضروریات ایک جیسی نہیں۔ اسی طرح جنوبی پنجاب، وسطی پنجاب، ہزارہ، مالاکنڈ، بلوچستان کے ساحلی اور معدنی خطوں کے مسائل اور معاشی امکانات بھی الگ الگ ہیں۔ ایک ہی نوعیت کی پالیسی ہر خطے پر نافذ کرنا ترقی کی رفتار محدود کرسکتا ہے۔
ایک اور اہم حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے معاشی سروے 2025-26 میں ملک کی آبادی کا تخمینہ 25 کروڑ 20 لاکھ 90 ہزار لگایا گیا ہے۔ اسی سروے کے مطابق شرح خواندگی 63 فیصد ہے، جبکہ 2025 میں بھی تقریباً 28 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ سرکاری اور صوبائی تعلیمی اخراجات مالی سال 2025 میں مجموعی قومی پیداوار کے صرف 0.8 فیصد کے برابر رہے۔ یہ اعداد محض تعلیمی بحران کی تصویر نہیں بلکہ اس انتظامی نظام کی کارکردگی پر سوال ہیں جو بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق وسائل اور سہولتیں عوام تک پہنچانے میں مشکلات کا شکار ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مردم شماری نظام میں ملک بھر کے 185,489 بلاکس کی جغرافیائی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ حقیقت ظاہر کرتی ہے کہ ملک کا انتظامی اور آبادیاتی نقشہ کس قدر وسیع اور پیچیدہ ہوچکا ہے۔ اب ترقیاتی منصوبہ بندی کو صرف صوبائی دارالحکومتوں کے گرد گھمانے کے بجائے علاقائی معاشی امکانات کی بنیاد پر ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوسکتا ہے کہ ہر انتظامی اکائی اپنی جغرافیائی، معاشی اور انسانی صلاحیت کے مطابق ترقیاتی حکمت عملی تشکیل دے۔ جنوبی پنجاب کو زرعی صنعت، خوراک کی پراسیسنگ، لائیو اسٹاک اور زرعی تحقیق کا مرکز بنانے کی منصوبہ بندی کی جاسکتی ہے۔ سندھ کے مختلف خطوں میں ساحلی معیشت، ماہی گیری، زراعت، معدنیات، صنعت اور تجارت کے الگ الگ امکانات موجود ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سیاحت، پن بجلی، معدنی وسائل اور سرحدی تجارت جبکہ بلوچستان میں معدنیات، ساحلی تجارت، توانائی اور جدید زرعی منصوبوں کو ترجیح دی جاسکتی ہے۔ جب فیصلہ سازی مقامی ضروریات اور معاشی امکانات کے قریب ہوگی تو منصوبوں کی ترجیحات بھی زیادہ حقیقت پسندانہ ہوں گی۔
یہاں ایک نیا تصور متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ہر صوبے کو محض انتظامی اکائی نہیں بلکہ ایک معاشی ترقیاتی تجربہ گاہ بنایا جائے۔ ہر اکائی اپنے وسائل، صنعتوں، روزگار، تعلیم اور صحت کے لیے قابلِ پیمائش اہداف مقرر کرے۔ سالانہ بنیادوں پر یہ بتایا جائے کہ کتنے نئے روزگار پیدا ہوئے، کتنے اسکول فعال ہوئے، کتنے اسپتالوں میں سہولتیں بڑھیں، کتنے صنعتی منصوبے مکمل ہوئے اور کتنے شہریوں کو صاف پانی فراہم کیا گیا۔ اس طرح صوبوں کے درمیان مقابلہ سیاسی برتری کے بجائے عوامی خدمت اور کارکردگی کا ہوگا۔ یہ حقیقت بھی تسلیم کرنا ہوگی کہ نئے صوبے بنانے کا مطلب محض نئی اسمبلیاں، سیکریٹریٹ، وزارتیں اور سرکاری عہدے پیدا کرنا نہیں ہونا چاہیے۔ اگر نئے انتظامی یونٹس پرانے نظام کی نقل بن گئے تو قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑے گا اور عوام کو مطلوبہ فائدہ نہیں ملے گا۔ اس لیے ہر مجوزہ صوبے کے قیام سے پہلے اس کی مالیاتی استعداد، متوقع آمدن، اخراجات، قدرتی وسائل، آبادی، سرکاری ملازمین، پنشن واجبات اور ترقیاتی ضروریات کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ وفاقی محصولات اور این ایف سی کے نظام میں بھی ایسا شفاف طریقہ اختیار کیا جائے جس سے کسی علاقے کو نئی انتظامی حیثیت ملنے پر دوسرے علاقوں کے جائز حقوق متاثر نہ ہوں۔
اس کے ساتھ مقامی حکومتوں کو بھی مضبوط بنانا ہوگا۔ صوبائی سطح پر اختیارات کی منتقلی اس وقت تک نامکمل رہے گی جب تک ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کو اپنے علاقے کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے مالی اور انتظامی اختیار حاصل نہیں ہوتا۔ نئے صوبے اور بااختیار بلدیاتی نظام ایک دوسرے کے متبادل نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام پر سب سے اہم ذمے داری سیاسی قیادت کی ہے۔ آئین پاکستان کا آرٹیکل 239 واضح کرتا ہے کہ کسی صوبے کی حدود تبدیل کرنے والی آئینی ترمیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت ضروری ہے، جبکہ پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں بھی آئینی ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ اس لیے یہ معاملہ سیاسی اتفاقِ رائے، آئینی طریقہ کار، عوامی مشاورت اور شفاف منصوبہ بندی کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔
کسی علاقے کی زبان، ثقافت، تاریخی شناخت اور تہذیبی ورثہ اس کے لوگوں کا سرمایہ ہیں۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مقصد ان شناختوں کو کمزور کرنا نہیں بلکہ انہیں ترقی، تعلیم، روزگار اور بہتر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ پاکستان کی وحدت جغرافیائی حدود سے زیادہ مشترکہ آئینی حقوق، مساوی مواقع اور شہریوں کے اعتماد سے مضبوط ہوتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم یہ سوال اٹھائیں کہ کیا 25 کروڑ سے زیادہ آبادی والے ملک کو انتظامی طور پر اسی طرز پر چلایا جاسکتا ہے جس کے مسائل، آبادی اور ضروریات کئی دہائیاں پہلے مختلف تھیں؟ دنیا بدل رہی ہے، معیشتیں نئی شکل اختیار کررہی ہیں اور حکمرانی کے تقاضے بھی تبدیل ہوچکے ہیں۔ پاکستان کو بھی اپنے انتظامی ڈھانچے میں ایسی اصلاحات لانا ہوں گی جو آنے والی نسلوں کی ضروریات پوری کرسکیں۔
نئے صوبے ملک کو تقسیم کرنے کا منصوبہ نہیں، بلکہ اختیارات، وسائل، ترقی اور عوامی خدمت کو قریب لانے کا آئینی و انتظامی راستہ بن سکتے ہیں۔ اصل کامیابی ہر شہری تک ریاست کی سہولت، انصاف اور ترقی پہنچانے میں ہے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/new-provinces-a-stronger-pakistan/






