Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
بلاگ

قومی قیادت یا سیاسی اشتعال؟

شیئر کریں
قومی قیادت یا سیاسی اشتعال؟

حُسنہ صادق

پاکستان کی سیاست میں اختلافِ رائے ہمیشہ جمہوری نظام کا حصہ رہا ہے۔ حکومت پر تنقید، پالیسیوں سے اختلاف، احتجاج اور سیاسی جدوجہد ہر جماعت کا آئینی و جمہوری حق ہے، لیکن جب قومی سطح کے سیاسی رہنما اپنی گفتگو میں ایسے الفاظ استعمال کرنے لگیں جو معاشرے میں بے چینی، تصادم اور اشتعال کا ماحول پیدا کریں تو اس رویے پر سوال اٹھانا بھی ضروری ہوجاتا ہے۔ سیاسی قیادت کا منصب صرف اپنے کارکنوں کو متحرک کرنا نہیں بلکہ قومی یکجہتی، سیاسی برداشت اور جمہوری اقدار کی حفاظت کرنا بھی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیانات اسی حوالے سے سنجیدہ توجہ کے متقاضی ہیں۔ حکومت کے ساتھ اختلاف اپنی جگہ، لیکن حالیہ دنوں میں ان کی جانب سے سخت لب و لہجہ، حکومت کو سیاسی طور پر جگہ نہ دینے کا اعلان، کارکنوں کو سڑکوں پر لانے اور جیلیں بھرنے جیسے بیانات نے سیاسی ماحول کو مزید تلخ بنانے کا خدشہ پیدا کیا ہے۔ 20 نومبر کو کارکنوں سے خطاب میں ان کا یہ کہنا کہ پہلے سڑکوں پر آئیں گے اور پھر جیلیں بھریں گے، سیاسی مزاحمت کا اعلان ضرور ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ملک کو اس وقت مزید محاذ آرائی کی ضرورت ہے یا سیاسی مکالمے کی؟

مولانا فضل الرحمان ایک تجربہ کار سیاست دان اور مذہبی رہنما ہیں۔ پارلیمانی سیاست میں ان کا طویل تجربہ ہے اور انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے الفاظ عام سیاسی کارکنوں کے لیے کس قدر اثر رکھتے ہیں۔ جب ایک قومی رہنما یہ اعلان کرتا ہے کہ حکومت کو کسی قسم کی سیاسی گنجائش نہیں دی جائے گی تو اس سے سیاسی مفاہمت کے امکانات محدود ہوتے ہیں۔ حکومت پر تنقید ضرور کی جائے، اس کی پالیسیوں کو چیلنج بھی کیا جائے، لیکن سیاسی نظام کو مسلسل تصادم کی طرف دھکیلنا کسی بھی ذمے دار قیادت کے شایانِ شان نہیں۔

یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے کہ احتجاج اور اشتعال انگیزی ایک چیز نہیں۔ جمہوریت میں احتجاج کا حق تسلیم شدہ ہے، مگر اس حق کے استعمال میں بھی سیاسی نظم و ضبط اور قومی مفاد کو سامنے رکھنا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان اگر حکومت کے کسی فیصلے کو غلط سمجھتے ہیں تو پارلیمان، عدالتوں، مذاکرات اور عوامی رابطے کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرسکتے ہیں۔ کارکنوں کو متحرک کرنا ان کا حق ہے، لیکن انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ سیاسی جدوجہد کا آخری مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوامی مسائل کا حل اور آئینی نظام کا استحکام ہونا چاہیے۔

اسی طرح بلاول بھٹو زرداری کا 17 نومبر کو کراچی پریس کلب میں دیا گیا بیان بھی قومی سطح پر بحث کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو کراچی اور حیدرآباد کی سڑکوں پر خون بہے گا، معاشرے میں دشمنی پیدا ہوگی اور عام لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔ بلاشبہ کسی بھی صوبے کے عوام کی مرضی کے خلاف کوئی انتظامی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے، لیکن ایک قومی سیاسی جماعت کے چیئرمین کی جانب سے خونریزی اور مسلح تصادم کے امکانات کا اس انداز میں اظہار کیا جانا انتہائی حساس معاملہ ہے۔

بلاول بھٹو کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاسی رہنماؤں کے الفاظ محض تقریری جملے نہیں ہوتے۔ ان کی گفتگو لاکھوں افراد سنتے ہیں اور ان کے بیانات سیاسی کارکنوں کے رویوں پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ اگر کوئی تجویز آئینی اعتبار سے غلط ہے تو اس کی مخالفت آئینی دلائل سے کی جانی چاہیے۔ اگر کسی منصوبے پر اعتراض ہے تو اس کے معاشی، انتظامی اور قانونی پہلوؤں پر بحث کی جائے۔ لیکن خونریزی، ہتھیار اٹھانے اور بھائی کے ہاتھوں بھائی کے قتل جیسے خدشات کو سیاسی بحث کا حصہ بنانا ملک کے مفاد میں نہیں۔ ایسے الفاظ کسی مسئلے کا حل پیش نہیں کرتے بلکہ عوام میں خوف اور بداعتمادی پیدا کرتے ہیں۔

یہ بھی قابلِ غور ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں نئے صوبوں کی تشکیل کو عوامی خواہشات، آئین اور قانون کے مطابق تسلیم کرنے کی بات بھی کی، مگر ساتھ ہی بحث کو ختم کرنے اور سندھ کی تقسیم کے خلاف سخت انتباہات نے ایک متضاد سیاسی تاثر پیدا کیا۔ اگر عوامی رائے ہی فیصلہ کن ہے تو پھر عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع دینے سے خوف کیوں؟ جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ ہر علاقے کے شہری اپنی ضروریات اور مستقبل کے بارے میں آزادانہ رائے دے سکیں۔

سندھ کی تاریخی، ثقافتی اور لسانی شناخت پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ اس شناخت کا تحفظ ہر پاکستانی کی ذمے داری ہے، لیکن انتظامی اصلاحات کی بحث کو سندھ کی شناخت کے خلاف قرار دینا درست نہیں۔ کسی بھی صوبے کے عوام کو بہتر انتظام، فوری انصاف، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولتوں کا مطالبہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس حق کو سیاسی خوف یا جذباتی نعروں کے ذریعے محدود نہیں کیا جاسکتا۔

حکومت کی جانب سے نئے انتظامی یونٹس کے معاملے پر قومی مکالمے اور آئینی راستے کی بات ایک مثبت پیش رفت ہے۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی جماعتوں، صوبائی نمائندوں اور متعلقہ علاقوں کے عوام کو اعتماد میں لے کر اس بحث کو آگے بڑھائے۔ کسی پر فیصلہ مسلط کرنے کے بجائے حقائق، عوامی رائے اور آئینی تقاضوں کو بنیاد بنایا جائے۔ اسی طرح سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی جماعتی ترجیحات سے بلند ہوکر قومی ضرورتوں پر بات کریں۔

نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر حکمرانی، فوری سرکاری خدمات اور مؤثر انتظامی رسائی فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ ہم نئے صوبوں کی تشکیل کو قومی ترقی اور بہتر انتظامی نظام کی ضرورت سمجھتے ہیں، بشرطیکہ یہ عمل عوامی خواہشات، جمہوری اتفاق رائے اور آئینی طریقہ کار کے مطابق مکمل ہو۔

پاکستان اس وقت معاشی دباؤ، سلامتی کے چیلنجز اور سیاسی عدم استحکام جیسے کئی مسائل کا سامنا کررہا ہے۔ ایسے حالات میں قومی قیادت کی ذمے داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان ہوں یا بلاول بھٹو زرداری، انہیں یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کے الفاظ صرف سیاسی مخالفین کو جواب دینے کے لیے نہیں بلکہ قوم کی رہنمائی کے لیے بھی ہوتے ہیں۔

سیاسی اختلاف کو دشمنی، احتجاج کو تصادم اور انتظامی اصلاحات کو قومی تقسیم کا نام دینا کسی بھی صورت دانش مندی نہیں۔ پاکستان کو ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جو مسائل کو بڑھانے کے بجائے حل پیش کریں، عوام کو خوفزدہ کرنے کے بجائے اعتماد دیں اور سیاسی اختلاف کے باوجود قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔ قومی رہنما جتنے بڑے ہوں، ان کے الفاظ کی ذمے داری بھی اتنی ہی بڑی ہوتی ہے، کیونکہ سیاست میں تقریر چند لمحوں کی ہوتی ہے، لیکن اس کے اثرات برسوں تک قوم کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/national-leadership-or-political-provocation/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں