Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
بلاگ

مولانا فضل الرحمان اور تصادم کا بیانیہ؟

شیئر کریں
مولانا فضل الرحمان اور تصادم کا بیانیہ؟

سمیرا وہاب

جمہوریت میں اختلافِ رائے سیاست کا حسن ہے، مگر جب اختلاف کی زبان تلخی، الزام تراشی اور اداروں پر عدم اعتماد کی فضا پیدا کرنے لگے تو یہ سوال اٹھنا فطری ہے کہ کیا سیاسی قیادت اپنے مؤقف کی قوت دلیل سے ثابت کرنا چاہتی ہے یا بلند آہنگ بیانات سے؟ مولانا فضل الرحمان ایک طویل سیاسی تجربہ رکھنے والے رہنما ہیں۔ ان کی جماعت پارلیمانی سیاست میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، لیکن حالیہ دنوں میں ان کے بیانات نے سیاسی ماحول میں ایک نئی تلخی پیدا کردی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ ان کے مؤقف کا جائزہ جذبات کے بجائے حقائق، آئینی اصولوں اور قومی مفاد کی روشنی میں لیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے حالیہ تقاریر میں وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی حیثیت پر سوال اٹھائے، حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور صوبائی وسائل، معدنی ذخائر، ساحلی علاقوں اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے۔ انہوں نے احتسابی اداروں پر بھی سیاسی انتقام کے الزامات عائد کیے اور دعویٰ کیا کہ ان کے خاندان، جماعتی ذمے داران اور کاروباری ساتھیوں کو دباؤ کا سامنا ہے۔ 7 نومبر کو اسلام آباد میں قومی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر طلبہ اور اساتذہ کے اجتماعات روکنے اور صوبوں کے وسائل پر اختیار حاصل کرنے کی کوششوں کے الزامات بھی لگائے۔

یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ہر حکومتی فیصلے کو بدنیتی سے تعبیر کرنا سیاسی بصیرت ہے؟ حکومت کے اقدامات پر تنقید اپوزیشن کا حق ہے، لیکن تنقید کے لیے شواہد اور متبادل تجاویز بھی ضروری ہیں۔ اگر کسی فیصلے سے صوبوں کے حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے تو اس کی نشان دہی پارلیمان میں کی جائے، آئینی فورمز سے رجوع کیا جائے اور عوام کو مستند حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ محض خدشات کو حتمی فیصلوں کی صورت میں پیش کرنا سیاسی ذمے داری کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

پاکستان ایک وفاقی ریاست ہے۔ صوبوں کے حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اٹھارہویں آئینی ترمیم جیسے معاملات غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان پر بحث ہونی چاہیے، بلکہ کھل کر ہونی چاہیے۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ قومی وسائل سے متعلق فیصلے کسی ایک رہنما یا جماعت کی خواہش کے تابع نہیں ہوسکتے۔ ان کا تعین آئین، پارلیمان، متعلقہ صوبائی حکومتوں اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے ہونا چاہیے۔ حکومت پر لازم ہے کہ وہ اپنے فیصلوں کی وضاحت کرے، لیکن اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ ہر پالیسی کے پیچھے سازش تلاش کرنے کے بجائے قابلِ عمل تجاویز سامنے لائے۔

مولانا کی جانب سے وزیراعظم کو بے اختیار قرار دینا بھی اسی سیاسی طرزِ اظہار کا حصہ دکھائی دیتا ہے۔ 6 نومبر کو مفتی محمود کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے وزیراعظم کی سیاسی حیثیت پر طنز کیا اور ایک تقریب کے انعقاد کی اجازت نہ ملنے کو بھی حکومتی کمزوری سے جوڑا۔ حالانکہ کسی تقریب کے انتظامی معاملات کو پورے حکومتی نظام کی صلاحیت کا پیمانہ قرار دینا مناسب نہیں۔ وزیراعظم اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ معیشت، امن و امان، عوامی سہولتوں، خارجہ تعلقات اور پارلیمانی ذمے داریوں کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ سیاسی طنز کے ذریعے۔

ایران میں ہونے والی سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی مولانا نے سوالات اٹھائے اور وزیر دفاع کی عدم موجودگی پر اعتراض کیا۔ اس پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے وضاحت کی کہ تہران میں ہونے والی بات چیت دفاعی معاہدے کے لیے نہیں بلکہ علاقائی بحران کے تناظر میں سفارتی کوششوں کا حصہ تھی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وزیر داخلہ نے یہ ذمے داری ادا کی تھی۔

خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے معاملات پر سوال اٹھانا ہر سیاسی رہنما کا حق ہے، لیکن ان معاملات کی حساسیت کا تقاضا ہے کہ تبصرہ مکمل معلومات اور ذمے دارانہ طرزِ بیان کے ساتھ کیا جائے۔

یہ امر بھی قابلِ غور ہے کہ سیاسی اختلاف کو ریاستی اداروں کے بارے میں عمومی بداعتمادی میں تبدیل کرنا کسی کے مفاد میں نہیں۔ ریاست صرف حکومت کا نام نہیں، اس میں آئین، پارلیمان، عدلیہ، مسلح افواج اور دیگر قومی ادارے شامل ہیں۔ حکومت کی پالیسی سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، اس پر سخت تنقید بھی ہوسکتی ہے، لیکن ریاستی ڈھانچے کے احترام اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو سیاسی کشمکش کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ اختلاف کا جواب دلیل سے دینا اور تنقید برداشت کرنا جمہوری رویہ ہے، اسی طرح سیاسی رہنماؤں پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنی گفتگو میں قومی ذمے داری کا احساس برقرار رکھیں۔

مولانا فضل الرحمان کو یہ حقیقت بھی پیش نظر رکھنی چاہیے کہ سیاست میں طویل تجربہ محض منصب یا خطاب سے نہیں بلکہ تحمل، تدبر اور قومی معاملات میں تعمیری کردار سے پہچانا جاتا ہے۔ ان کی جماعت اگر صوبائی حقوق، عوامی مسائل اور آئینی تحفظات پر آواز اٹھانا چاہتی ہے تو اسے پارلیمانی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ احتجاج اور جلسے جمہوری حق ہیں، لیکن ان کا مقصد سیاسی مکالمے کے دروازے بند کرنا نہیں بلکہ انہیں کھولنا ہونا چاہیے۔ دوسری جانب حکومت جتنی وضاحت اور قانون کی بالادستی کا مظاہرہ کرے گی، اتنا ہی اس کے مؤقف کو تقویت ملے گی۔

پاکستان اس وقت معاشی دباؤ، دہشت گردی، علاقائی کشیدگی اور عوامی مشکلات جیسے بڑے چیلنجز سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی قیادت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قوم کو انتشار نہیں، راستہ دکھائے۔ حکومت کو اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے ریاستی معاملات چلانے چاہییں، جبکہ اپوزیشن کو اختلاف کا حق استعمال کرتے ہوئے قومی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔

سیاسی اختلاف جمہوریت کی زندگی ہے، مگر اختلاف کو تصادم میں بدل دینا قومی توانائی کا ضیاع ہے۔ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کو سمجھنا ہوگا کہ تاریخ میں وہی قیادت معتبر ٹھہرتی ہے جو اپنے الفاظ سے قوم کو تقسیم نہیں بلکہ مکالمے، استحکام اور بہتری کی طرف لے جائے۔ حکومت کا امتحان بھی یہی ہے کہ وہ تنقید کے مقابلے میں تحمل، شفافیت اور کارکردگی کا راستہ اختیار کرے۔ یہی طرزِ عمل ریاست کو مضبوط اور جمہوریت کو بامعنی بناسکتا ہے۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/maulana-fazlur-rehman-and-the-narrative-of-confrontation/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں