شوبز جنید جمشید کی وفات نے گہرا اثر ڈالا اور میں نے موسیقی چھوڑ دی، شازیہ خشک

کراچی: مذہب کی خاطر موسیقی کی دنیا کو خیرباد کہنے والی پاکستان کی لوک گلوکارہ شازیہ خشک نے باپردہ انٹرویو میں مداحوں کو حیران کردیا۔
سابق گلوکارہ شازیہ خشک گزشتہ کئی عرصے سے منظرعام سے غائب تھیں، تاہم اب اچانک سوشل میڈیا پر سامنے آئی ویڈیو میں شازیہ خشک نے موسیقی کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ سے پردہ اٹھادیا۔
شازیہ خشک نے بتایا کہ پاکستان کے معروف نعت خواں مرحوم جنید جمشید کی وفات نے اُن پر گہرا اثر ڈالا اور اس کے بعد انھوں نے موسیقی سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
شازیہ خشک کے مطابق 2018 میں انہوں نے گلوکاری چھوڑ دی تھی، ان کے جڑواں بچے ہیں جو بیرون ملک مقیم ہیں، وہ اکیلی ہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ اللہ کبھی کسی کو اکیلا نہیں چھوڑتا اور پھر اللہ نے انہیں ہدایت دی اور ان کی سوچ بدلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب وہ روایتی ملبوسات، جلد سے متعلق مصنوعات اور زیورات پر مشتمل ایک چھوٹا کاروبار چلارہی ہیں۔
واضح رہے کہ شازیہ خشک معروف سندھی لوک گلوکارہ تھیں، جنہیں ’لال میری پت‘ گانے نے شہرت کی بلندی کو پہنچادیا تھا۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/junaid-jamsheds-death-deeply-affected-me-and-i-quit-music-says-shazia-khushk/






