لندن، ایشین بریڈمین ظہیر عباس کی حالت تشویشناک، آئی سی یو منتقل

لندن: قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز بلے باز اور ایشین بریڈمین کے نام سے معروف ظہیر عباس لندن کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق خاندانی ذرائع نے بتایا دو دن پہلے ظہیر عباس کو لندن کے سینٹ میری اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس وقت وہ آکسیجن پر ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
ظہیر عباس نے آج اشاروں کی مدد سے بیٹی سے سلام دعا کی، بیٹی شیشے کی دوسری جانب تھیں۔
اہل خانہ نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔ 74 سالہ ظہیر عباس چند ماہ پہلے کرتار پور کے گوردوارے میں گرگئے تھے، بعد ازاں وہ براستہ دبئی یکم جون کو لندن کے لیے روانہ ہوئے تاہم دبئی میں قیام کے دوران وہ کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
ظہیر عباس کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد دبئی سے لندن پہنچے۔ ظہیر عباس کو لندن پہنچ کر نمونیہ اور گردوں کی تکلیف ہوئی۔
خاندانی ذرائع نے بتایا ظہیر عباس ڈائیلاسز پر ہیں اور کمزوری محسوس کررہے ہیں، ڈاکٹروں نے ان سے ملاقات پر پابندی لگا رکھی ہے۔
یاد رہے کہ ظہیر عباس 108 فرسٹ کلاس سنچریاں بنانے والے واحد ایشین بیٹر ہیں۔

Asian bradmanFormer Pakistani cricketerHospitalized in londonICU ShiftZaheer Abbas