کراچی: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ وزن کم کرنے والے انجیکشنز نہ صرف موٹاپا گھٹانے میں مدد دے رہے ہیں بلکہ لوگوں کی بیماری کی وجہ سے چھٹیاں لینے کی شرح بھی آدھی کرسکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق نو ماہ بعد وہ مریض جنہیں یہ انجیکشنز تجویز کیے گئے تھے اُن کے کام کرنے کی صلاحیت میں واضح بہتری آئی۔ بیماری کے باعث غیر حاضری میں 45 فیصد کمی دیکھی گئی جب کہ پانچ دن یا اس سے زیادہ طویل غیر حاضری کے کیسز 56 فیصد کم ہوگئے۔
محققین نے اوویوا کے ٹیئر 3 ویٹ منیجمنٹ پروگرام میں شامل این ایچ ایس کے 1270 مریضوں کا جائزہ لیا۔
اس تحقیق میں شامل افراد شدید موٹاپے کا شکار تھے جن کا اوسط بی ایم آئی 45 تھا، جو نو ماہ بعد کم ہوکر 39 رہ گیا۔
پروگرام میں شامل ہونے کے وقت یہ مریض اوسطاً کم از کم تین سنگین بیماریوں کا سامنا کررہے تھے، جن میں سب سے عام بے چینی، ہائی بلڈ پریشر اور ٹائپ 2 ذیابیطس شامل تھیں۔
زیادہ تر مریضوں کو سمیگلوٹائڈ دی گئی جو وزن کم کرنے کے لیے ویگووی اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج کے لیے اوزیمپک کے نام سے فروخت ہوتی ہے۔
9 ماہ کے بعد مریضوں نے اوسطاً اپنے جسمانی وزن کا12.4 فیصد کم کیا جب کہ ان کا اوسط بی ایم آئی 45 سے کم ہوکر 39 تک آگیا۔