گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے نتیجے میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے، صرف پیپلزپارٹی ملک کے معاشی مسائل حل کرسکتی ہے، پاکستان کی امن کی کوشش پر ہمیں فخر ہے۔
اسکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پچھلے الیکشن میں گلگت بلتستان (جی بی) کا دورہ کیا، گلگت بلتستان کے اضلاع میں جتنا میں آیا ہوں اتنا کوئی اور سیاستدان نہیں آیا، ایران میں بچوں کے اسکول میں میزائل مارا گیا، بیدردی سے عالمی قانون توڑتے ہوئے آیت اللہ علی خامنہ ای کو شہید کیا گیا، پچھلے الیکشن میں خوشی کا ماحول تھا، اس الیکشن میں سوگ کا ماحول ہے، ایران میں خامنہ ای کو شہید کیا گیا، ان حالات میں یہاں انتخابی مہم چلانا مناسب نہیں سمجھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ظلم ایران تک محدود نہیں فلسطین میں بھی لوگوں کو شہید کیا گیا، دعاگو ہیں جنگ کے خاتمے کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں، امن کوششیں کامیاب ہونا ضروری ہے، ایران کے ساتھ دنیا بھر کے عوام جنگ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرنے والی واحد سیاسی جماعت ہے، یہ کیسی معاشی پالیسی اور ترقی ہے کہ امیر، امیرتر ہو، بی آئی ایس پی اسلام آباد کا وہ واحد ادارہ ہے جو ہر غریب کے گھر تک پہنچتا ہے، بی آئی ایس پی کے خلاف سیاسی جماعتوں کی سازشیں ناکام ہوں گی، بدقسمتی ہے حکمراں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچائیں گے، اس بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ فنڈ میں وزیراعظم سے اضافہ کروائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایٹم بم ذوالفقار بھٹو اور میزائل ٹیکنالوجی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے دی، جی بی کو شمالی علاقہ جات کہا جاتا تھا، جی بی کو نام صدر زرداری نے دیا، پاکستان کو ایٹم بم کا تحفہ دینے کا اعلان ذوالفقار بھٹو نے بلتستان کی سرزمین سے کیا، 18ویں ترمیم میں دیے گئے اختیارات جی بی کو بھی دیے جائیں تو مسائل حل ہوں گے، جی بی میں حق حاکمیت کے بعد حق ملکیت حاصل کرنا ہوگا، اسلام آباد کو ماننا ہوگا جی بی کے وسائل یہاں کے عوام کے ہیں، جب تک اسلام آباد نہیں مانے گا جی بی اور پاکستان میں ترقی ممکن نہیں، جی بی کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے عوام دوست حکومت بنانی ہے یا عوام دشمن۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کو گھر بنا کردیے، پیپلزپارٹی کی سیاست دوسری جماعتوں سے مختلف ہے، پیپلز پارٹی عام آدمی کی سیاست کرتی ہے، پیپلزپارٹی نے مزدوروں کو مالک بنایا، اسی طریقے سے قومیں ترقی کرتی ہیں، صدر زرداری نے روٹی، کپڑا اور مکان کو بینظیر کارڈ سے عملی طور پر ممکن بنایا، دیگر ممالک ہم سے پوچھتے تھے کہ کیسے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا ہم شروع کریں، شہید بی بی بھی جب آئیں روزگار لے کر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ آج مسلم دنیا میں صرف پاکستان کے پاس ایٹمی قوت ہے، ملک کو ایٹمی طاقت شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا، آج بھی گڑھی خدا بخش سے پاکستان کا دفاع ہورہا ہے، مشرف دور میں دیگر ممالک کے پاکستان میں بیسز بنے تھے، وہ صدر پاکستان کون تھا جس نے سلالہ واقعے کے بعد تمام اڈوں کو پاکستان میں بند کیا، صدر زرداری نے ملک میں دیگر ممالک کے اڈے ختم کرائے۔
بلاول نے کہا کہ سی پیک کا سب سے کامیاب منصوبہ تھرکول کا منصوبہ ہے، تھرکول میں 80 فیصد ملازمتیں مقامی لوگوں کو دیں، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کتنے زیادہ نوکری کے مواقع فراہم کرسکتے ہیں، دیگر کی کوشش ہوتی ہے کہ یہ کتنے لوگوں کو بے روزگار کرسکتے ہیں، ہم امیروں کو مزید امیر کرنے کے بجائے غریب نوجوانوں کو روزگار دلاکر امیر بناتے ہیں، ہم لوگوں کو روزگار دلاکر معاشی طور پر مضبوط کرتے ہیں، ہماری سیاست عوام دوست اور دوسروں کی عوام دشمن سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب آیا تو ایسا لگا پورا صوبہ ڈوب گیا ہے، سندھ میں سیلاب سے تباہ 20 لاکھ گھر بناکر دے رہے ہیں، 20 لاکھ خاندانوں کو گھر مالکانہ حقوق کے ساتھ دے رہے ہیں، فیصلہ کیا کہ سڑکیں بنانے سے پہلے سیلاب متاثرہ افراد کو گھر بناکر دیں گے، گھروں کے اس منصوبے سے 10 لاکھ لوگوں کو روزگار ملا، 7 جون کو تیر پر مہر لگائیں ہم یہاں بھی سندھ کی طرح گھر بنا کردیں گے، کراچی میں کینسر اور دیگر بیماریوں کا علاج 100 فیصد مفت کیا جاتا ہے۔