میرا کی ملازمہ پر تشدد کی ویڈیو وائرل، ملازمہ سابقہ بیان سے مُکر گئی

لاہور: پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ میرا کی اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں دونوں ایک دوسرے سے لڑرہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں مبینہ طور پر اداکارہ میرا کو اپنی گھریلو ملازمہ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں میرا اپنی گھریلو ملازمہ سے بات کرتی دکھائی دیتی ہیں تاہم کچھ ہی دیر بعد صورت حال کشیدہ ہوجاتی ہے اور ہاتھا پائی شروع ہوجاتی ہے۔
اداکارہ میرا کی گھریلو ملازمہ نے پہلے الزام عائد کیا کہ اداکارہ نے اسے متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
ملازمہ نے دعویٰ کیا کہ اس کے چہرے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں۔
ملازمہ نے میرا کی ذہنی حالت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ معمول کے مطابق نہیں ہیں۔
دریں اثناء میرا کی گھریلو ملازمہ یاسمین کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
اس ویڈیو میں یاسمین نے اپنے پہلے بیان سے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میری سابقہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی تھی، میرا تو بہت اچھی ہیں اور میں اب بھی ان کے پاس ہی کام کر رہی ہوں۔
خیال رہے کہ میرا اس سے قبل بھی مختلف نوعیت کی ویڈیوز و بیانات کے باعث خبروں میں رہی ہیں جب کہ چند سال قبل ایک ٹی وی چینل پر میک اپ آرٹسٹ کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے بھی ان کا نام خبروں میں آیا تھا۔