توشہ خانہ ریفرنس، گواہ اور زرداری سے متعلق دستاویز عدالت میں پیش!

اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے گواہ عمران ظفر نے آصف زرداری سے متعلق اصل دستاویزعدالت میں پیش کردیں۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر تین کے جج اصغر علی نے کی، عدالت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے جب کہ آصف زرداری اور انور مجید نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف پیش کیا کہ نیب نے آخری سماعت کو ہمیں نہیں بتایا کہ گواہ پیش کریں، لہٰذا آج گواہاں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں، جرح اگلی سماعت میں کریں گے۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے استدعا کی کہ آج بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ہی جرح کریں اور عدالت توشہ خانہ ریفرنس میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اس کیس میں آرام آرام سے چلا جائے، معلوم نہیں نیب کو ان کیسز میں اتنی جلدی کیوں ہے۔ نیب پہلے پرانے کیسز پر تو فیصلہ کروالے، آج کے دن ایک گواہ کے بیان پر چیف اور جرح کرلی جائے۔ جج اصغر علی نے ریمارکس دیے کہ تمام گواہوں کی فہرست حکم نامے میں موجود ہے اور تین گواہان کی طلبی کے نام پچھلے آرڈر میں لکھے ہوئے ہیں، آپ کے یا کسی کے کہنے پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ نہیں ہوگا۔
عدالت میں نیب کے پہلے گواہ عمران ظفر پیش ہوئے اور آصف زرداری سے متعلق اصل دستاویز عدالت میں پیش کردی جب کہ توشہ خانہ سے حاصل کی گئی تینوں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ بھی پیش کردیا، گواہ عمران ظفر نے اپنا بیان قلم بند کرایا اور بتایا کہ جس وقت ریکارڈ فراہم کیا، اُس وقت الیکشن کمیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ذمے داریاں سرانجام دے رہا تھا، 7 فروری کو الیکشن کمیشن کو نیب کا خط موصول ہوا تھا، جس میں نیب نے آصف زرداری سے متعلق دستاویز فراہم کرنے کا کہا۔
نیب کے گواہ نے بتایا کہ نیب کے خط پر 12 فروری 2019 کو ریکارڈ لے کر نیب تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوا اور آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی برائے صدارتی امیدوار اور اثاثوں سے متعلق دستاویز فراہم کی، نیب تفتیشی افسر نے اصل ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد دستاویز کی تصدیق شدہ نقول اپنی تحویل میں رکھ لیں۔
یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے مستقل استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی، عدالت نے کہا کہ فی الحال اس درخواست پر فیصلہ نہیں کرسکتے، مستقل استثنیٰ دے دیا جائے تو ملزم کا وکیل بھی غائب ہوجاتا ہے، یوسف رضا گیلانی آئندہ سماعت پر نہیں آسکتے تو ان کا وکیل آجائے۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کے دوسرے گواہ کو بیان قلم بند کرنے کے لیے طلب کرلیا اور ریفرنس کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Tosha khana reference