کراچی میں ٹماٹر کے نرخ 500 روپے فی کلو تک جاپہنچے

کراچی: ایرانی ٹماٹروں کی درآمد کے باوجود ملک بھر خصوصاً کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، بلکہ قیمتیں مزید بڑھ کر 450 سے 500 روپے فی کلو تک جاپہنچی ہیں، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں روزمرہ استعمال کی اس اہم سبزی کی قیمت میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کی مختلف سبزی منڈیوں اور بازاروں میں ایرانی اور کوئٹہ سے آنے والے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو جب کہ 110 سے 125 روپے فی پاؤ کے حساب سے فروخت کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب بعض دکان دار نسبتاً چھوٹے سائز اور کچے ٹماٹر بھی 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہے ہیں، تاہم ان کی طلب بھی برقرار ہے، کیونکہ صارفین کے پاس متبادل کم ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایرانی ٹماٹروں کی درآمد سے قیمتوں میں نمایاں کمی کی امید دلائی تھی، مگر عملی طور پر انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے، تاکہ ٹماٹر سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو قابو میں لایا جاسکے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق طلب و رسد میں عدم توازن اور منافع خوری بھی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہ ہیں۔