بغیر اجازت حج کرنے والوں کو سخت سزائیں بھگتنا ہوں گی

ریاض: سعودی حکومت نے حج کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا اعلان کردیا۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق بغیر اجازت حج کرنے یا حج کی کوشش پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ کیا جائے گا جب کہ غیر قانونی حجاج کو پناہ دینے یا مدد کرنے والے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا۔
سعودی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ یہ پابندی یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک نافذ رہے گی۔
اس کے علاوہ وزٹ ویزے والوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک پہنچانے والوں پر بھی جرمانہ ہوگا جب کہ غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش پر ملک بدر اور 10 سال سعودی عرب میں داخلے پر پابندی ہوگی۔