تیسرا ہاکی ٹیسٹ: پاکستان کی جنوبی کوریا پر فتح، 3-0 کی برتری

اسلام آباد: قومی ہاکی ٹیم نے تیسرے ٹیسٹ میں جنوبی کوریا کو 3-4 سے ہرادیا۔
اسلام آباد کے نصیر بُندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ہاکی ٹیسٹ کے دسویں منٹ میں جنوبی کوریا نے "کم ہیون جنگ” کے گول کے ساتھ برتری حاصل کی جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے لیے حیات ذکریا نے فیلڈ گول کرکے اس برتری کو ختم کیا، البتہ میچ کے اگلے ہی 33 ویں منٹ میں جینگ جی ہون نے گول کرکے کوریا کو ایک بار پھر 1- 2 کی سبقت دلوادی۔
تیسرے کوارٹر کے 45 ویں منٹ میں پاکستان کے لیے رانا وحید نے دوسرا گول بنایا لیکن 5 منٹ بعد کوریا کے کم یانگ نے تیسرا گول کردیا۔
چوتھے کوارٹر کے 55 ویں اور 57 ویں منٹ میں پاکستان کے لیے حنان شاہد اور عبدالرحمٰن نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے پاکستان کو 3-4 کی سبقت دلوادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو جنوبی کوریا کے خلاف 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔