آج مصر میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی کانفرنس شروع ہوگی

شرم الشیخ: آج سے مصر کے شہر شرم الشیخ میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی کانفرنس شروع ہوگی۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ناروے کے وزیراعظم گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے جب کہ کانفرنس کی میزبانی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کررہے ہیں۔
اس عالمی کانفرنس میں 197 رکن ممالک شرکت کررہے ہیں، پہلی بار موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثرہ غریب ممالک کو معاوضہ دینے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز کوپ 27 کانفرنس میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دو روزہ دورے کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ اراکین کا وفد بھی اُن کے ہمراہ ہے۔
واضح رہے کہ موسمیاتی تغیر سے زیادہ متاثرہ ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے، جہاں اس بار تاریخ کے بدترین سیلاب سے تین کروڑ سے زائد شہری متاثر ہوئے ہیں۔ کھربوں کا نقصان ہوا ہے۔ انتہائی وسیع پیمانے پر فصلیں برباد ہوئی ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھری کا شکار ہوئے۔

Climate changeEgyptPM Shehbaz SharifStart todayWorld Conference