پاکستان میں گدھوں کی تعداد ساڑھے 61 لاکھ تک جاپہنچی

اسلام آباد: ملک میں مویشیوں کی مجموعی تعداد سے متعلق تازہ اعداد و شمار میں انکشاف ہوا ہے کہ گدھوں کی آبادی میں ایک سال کے دوران مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ادارۂ شماریات کی جانب سے گدھوں، بھینسوں، بکریوں، بھیڑوں، اونٹوں اور دیگر مویشیوں کی تعداد جاری کر دی گئی، ملک بھر میں گدھوں، بھینسوں، بکریوں، بھیڑوں، اونٹوں اور دیگر مویشیوں کی تعداد میں گزشتہ 1 سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ملک بھر میں گدھوں کی تعداد میں 1 لاکھ 13 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی تعداد 60 لاکھ 47 ہزار سے بڑھ کر 61 لاکھ 60 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار میں یہ اضافہ ایک معمولی مگر مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔
دستاویزات کے مطابق دیگر مویشیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جن میں بھینسیں سب سے نمایاں ہیں۔ ایک سال کے دوران بھینسوں کی تعداد میں 14 لاکھ 17 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار تک پہنچ گئی۔
اسی طرح بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ 92 ہزار، بکریوں میں 24 لاکھ 22 ہزار اور اونٹوں کی آبادی میں 16 ہزار کا اضافہ سامنے آیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق گھوڑوں کی تعداد میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو 3 ہزار پر مشتمل ہے جب کہ خچروں کی تعداد میں 4 ہزار کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔