کراچی میں آئندہ 10 روز گرمی کی شدت کم رہے گی

کراچی: ترجمان محکمۂ موسمیات انجم نذیر نے آنے والے دنوں میں کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان انجم نذیر نے کہا کہ 12 اپریل کو کراچی میں گرم دن تھا، درجہ حرارت 39.5 ریکارڈ کیا گیا اور اس دوران شمال مشرق سے ہوائیں چل رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں کل سے سمندری ہوائیں بحال ہیں، آنے والے 8 سے 10 روز میں کراچی میں کوئی شدید گرمی کا امکان نہیں، آج کل کراچی کا واسطاً درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور درجہ حرارت 35 کے قریب ہی رہنے والا ہے۔
انجم نذیر کا کہنا تھا کہ 16 اپریل کو کراچی کے درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کمی ہوگی، آسمان پر بادل ہوں گے جس کے سبب گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، فی الوقت کراچی میں بادلوں کے برسنے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 تاریخ سے ملک میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے جارہا ہے، اس کا اثر پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ہوگا، اس سسٹم کا اثر 16 سے 18 اپریل کے دوران سندھ کے علاقے لاڑکانہ اور گردونواح میں تھوڑا ہوسکتا ہے، آندھی اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، ہلکی بارش کا مکان ہے تاہم سندھ کے کسی علاقے میں اس سسٹم کا اثر نہیں پڑے گا۔
انجم نذیر نے بتایا کہ 16 اپریل سے 18 اپریل کے دوران اسلام آباد، مری، گلیات اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی ہوسکتی ہے۔