نیویارک: بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی پاپ سنگر ٹیلر سوئفٹ اور امریکی فٹ بال (این ایف ایل) کے اسٹار کھلاڑی ٹریوس کیلسی نے نیویارک کے مشہور اور تاریخی ہال میڈیسن اسکوائر گارڈن میں باقاعدہ شادی کرلی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ہائی پروفائل تقریب کو کافی حد تک نجی رکھنے کی کوشش کی گئی تھی، جس میں دونوں ستاروں کے اہل خانہ، قریبی رشتہ داروں اور شوبز و کھیل کی دنیا سے تعلق رکھنے والے چند چیدہ چیدہ دوستوں نے شرکت کی۔
شادی کی اس پروقار تقریب میں میزبانی اور شادی کی رسوم کے فرائض ہالی وُڈ کے معروف کامیڈین اور اداکار ایڈم سینڈلر نے انجام دیے، جو دولہا اور دلہن کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں۔
شادی کی رسوم مکمل ہوتے ہی میڈیسن اسکوائر گارڈن کے باہر نصب بڑی ڈیجیٹل اسکرینوں پر دونوں کے ناموں کی مناسبت سے ’’JUST&T MARRIED‘‘ کا بورڈ آویزاں کر دیا گیا، جس پر وہاں موجود مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس یادگار موقع پر نیویارک کی مشہور ترین عمارت ’ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ‘ کو بھی نیلے رنگ کی روشنیوں سے منور کر کے جوڑے کو منفرد انداز میں مبارکباد پیش کی گئی۔
ٹیلر سوئفٹ نے گذشتہ برس انسٹاگرام پر متعدد تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پارٹنر ٹریوس کیلس سے منگنی کا اعلان کیا تھا، اس پوسٹ کے ساتھ شیئر کیے گئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’آپ کے انگریزی ٹیچر اور جِم ٹیچر کی شادی ہو رہی ہے۔‘