ٹی 20 میں کپتانی کی پیشکش، بابر کا تینوں فارمیٹس میں قیادت کا مطالبہ

لاہور: پی سی بی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو ایک بار پھر سے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی ہے جب کہ مبینہ طور پر کہا جارہا ہے کہ بابر اعظم نے پی سی بی سے تینوں فارمیٹس کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ورلڈکپ 2023 میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے بعد بابراعظم نے تمام فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ ون ڈے کے لیے کسی کپتان کے نام کا اعلان نہیں ہوا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے بابر کو 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ٹی ٹوئنٹی کپتان بنانے کی پیشکش کی، تاہم بابر نے پی سی بی کو اس حوالے سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔
رپورٹ کے مطابق بابر نے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے کی پی سی بی کی درخواست پر غور کرنے کے لیے تمام فارمیٹس کی کپتانی کرنے جیسی شرائط طے کی ہیں، بصورت دیگر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی کی اس پیشکش پر غور بھی نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ اگر پی سی بی بابراعظم کی تینوں فارمیٹس کے کپتان بنائے جانے کی شرط قبول کرلیتا ہے، تو شان مسعود کو دسمبر 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف صرف ایک سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد ریڈ بال ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہونا پڑے گا۔
خیال رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی 20 میں 42 جیتے اور 23 ہارے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم اب تک 5 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس (ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 اور 2022، ایشیا کپ 2022 اور 2023، اور ورلڈ کپ 2023) میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرچکے، تاہم گرین شرٹس اُن کی قیادت میں اب تک کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔

Babar Demand All FormatsPCB Offer Babar AzamT20 Captaincy