راولپنڈی: پاکستان نے آج فتح-II میزائل سسٹم کی کامیاب مشق کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ میزائل مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے اور جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس ہے۔
بیان کے مطابق اس تربیتی مشق کا مقصد فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، تاکہ درستی میں مزید بہتری اور بقا کی صلاحیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
مشق کا مشاہدہ اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران نے کیا جب کہ اس موقع پر اسٹرٹیجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔ فورم نے فتح سیریز میزائل کے تحت تیار کردہ میزائل کی کامیاب مشق کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کی مشق پر سائنس دانوں، انجینئرز اور متعلقہ تمام افراد کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔