سری لنکن صدر راجا پاکسے کی جماعت دوتہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب

کولمبو: سری لنکن صدر گوٹابایا راجا پاکسے کی جماعت نے پارلیمنٹ میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل کرلی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجا پاکسے کی پارٹی اور اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی۔ راجا پاکسے کی جماعت اور اتحادیوں نے 225 کے ایوان میں 150 ووٹ حاصل کیے۔
سری لنکن صدر نے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے جس کے بعد وہ ایک بااختیار صدر بننے کی پوزیشن میں آگئے ہیں اور ملک میں معاشی اور فوجی استحکام کے حوالے سے اپنے ایجنڈے کے نفاذ کے لیے آئینی ترامیم سمیت دیگر تبدیلیاں باآسانی کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق راجا پاکسے ممکنہ طور پر اپنے بھائی اور سری لنکا کے سابق صدر مہندرا راجا پاکسے کو وزیراعظم نامزد کریں گے۔
خیال رہے گوٹابایا راجاپاکسے اور مہندرا راجا پاکسے کی قیادت میں سری لنکن سیکیورٹی فورسز نے تامل باغیوں کو کچل دیا تھا اور 37 سالہ علیحدگی پسندی کی جنگ کو ختم کرنے کا سہرا بھی ان ہی کے سر جاتا ہے۔

Parliamentsri lankan president