ڈیلس: فیفا فٹ بال ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی اسپین کی ٹیم 16 برس بعد میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
ڈیلس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔
اسپین نے انتہائی جارحانہ انداز سے میچ کا آغاز کیا۔ اسپین کی جانب سے پہلا گول پہلے ہی ہاف میں میکیل اوریار زبال نے پنالٹی کک پر 22 ویں منٹ میں اسکور کیا، یہ ورلڈکپ میں اُن کا پانچواں گول بھی تھا۔
اسپین کی جانب سے دوسرا گول دوسرے ہاف میں پیڈرو پورو نے ایک شاندار کک کے ذریعے 58 ویں منٹ میں بنایا۔
ٹورنامنٹ میں 8 گول داغنے والے فرانس کے اسٹار کھلاڑی ایمباپے اس سیمی فائنل میں کوشش کے باوجود گول نہ کرسکے۔
خیال رہے کہ اسپین کی ٹیم 16 برس بعد فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے، 2010 میں اسپین نے فٹ بال ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔
فیفا ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔