پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج بڑی کمی متوقع

اسلام آباد: بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے سبب ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج بڑی کمی کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ میں آج خام تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، اوگرا عالمی مارکیٹ کے تناسب سے نئی قیمتوں کا تعین آج کرے گا۔
عالمی مارکیٹ کے تناسب سے پاکستان میں آج قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ 60 روپے تک اضافہ ہوا، جس میں پٹرول 24 اور ڈیزل 60 روپے سے زائد مہنگا کیا گیا۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور درآمدی لاگت میں اضافے کو قرار دیا گیا تھا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے مجوزہ نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے کاروباری منصوبہ بندی، اسٹاک مینجمنٹ اور سپلائی چَین متاثر ہوسکتی ہے، اس لیے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ضرورت ہے۔