شہباز اور حمزہ کی 5 روز کیلیے پیرول پر رہائی کی منظوری

لاہور: میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی پنجاب کابینہ نے منظوری دے دی۔
صوبائی کابینہ نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی، محکمہ داخلہ پنجاب نے تھرو سرکولیشن کابینہ سے منظوری لی، تھرو سرکولیشن صوبائی کابینہ سے منظوری کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کے لیے پنجاب کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب جاتی امرا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 2 دن ہوگئے مگر ابھی تک شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیرول پر رہا نہیں ہوئے، ہم تو کوشش کررہے ہیں کہ آج ہی رہائی ہو لیکن پتا نہیں کیوں حکومت رہائی میں تاخیر کررہی ہے، ان شاء اللہ آج یا کل تک رہائی ہوجائے گی جب کہ ڈیڈ باڈی کے پاکستان آنے کے بارے میں آج شام تک پتا چلے گا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان لانے کے لیے قانونی دستاویز جاری نہیں ہوسکیں، ان کے جاری ہوتے ہی میت پاکستان لائے جانے کے حوالے سے اقدامات ہوں گے، شریف سٹی کے گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا ہوگی اور جس دن جسد خاکی آئے گا اس دن ظہر کی نماز کے بعد جنازہ ہوگا، جیسے ہی قانونی معاملات پورے ہوتے ہیں، اس کے مطابق پرواز کا معاملہ طے ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں عطاء تارڑ نے کہا کہ نواز شریف کے معالجین نے انہیں سختی سے سفر کرنے سے منع کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ان کا علاج مکمل ہو، نہ ہم کوئی رسک لینا چاہتے ہیں اور نہ نواز شریف کو لینا چاہیے، نواز شریف کی ہمشیرہ اور دونوں بہنوئی جسد خاکی کے ہمراہ آئیں گے۔
ن لیگ نے رسم قل محدود تعداد کے لیے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیگم شمیم اختر مرحومہ کے انتقال پر افسوس کے لیے آنے والوں کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھلی جگہ پر شریف سٹی میں بٹھایا جائے گا۔ رہنماؤں کو جاتی امرا جب کہ کارکنوں کو شریف سٹی میں بیٹھنے کا انتظام کیا جائے گا۔

Hamza ShahbazShahbaz sharif