پاکستان میں ایک ماہ کے دوران 6 ای چالان ہوگئے، صنم جنگ

کراچی: معروف میزبان اور اداکارہ صنم جنگ پاکستان میں ایک ماہ کے دوران 6 مرتبہ جرمانے سے پریشان ہوگئیں۔
صنم جنگ نے انسٹاگرام پر شیئر ویڈیو میں کراچی میں ای چالان کے تحت بار بار کیے جانے والے جرمانے کا ذکر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے پاکستان آئے ہوئے ایک مہینہ ہوا اس دوران مجھ پر 6 جرمانے ہوچکے ہیں۔
صنم جنگ نے مزید کہا کہ بار بار جرمانہ ہونے پر میرے ابو بہت غصے میں ہیں اور میں پریشان ہوں، پہلی بار جو جرمانہ ہوا وہ فون پر بات کرنے پر ہوا، وہ میری غلطی تھی کیوں کہ میں فون پر بات کررہی تھی جسے ویڈیو میں بھی دیکھا گیا، لہٰذا اس کا جرمانہ بنتا تھا، لیکن اس کے بعد مجھ پر ان غلطیوں کے بھی جرمانے ہورہے ہیں جو میں نے کی ہی نہیں جیسے کہ سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر بھی جرمانہ ہوا۔
اداکارہ صنم جنگ نے وضاحت دی کہ میں ہمیشہ سیٹ بیلٹ پہن کر رکھتی ہوں کیونکہ پاکستان سے باہر رہنے کی وجہ سے یہ میری عادت بن گئی ہے، میں سیٹ بیلٹ پہننے کے بعد ہی گاڑی اسٹارٹ کرتی ہوں، اب مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ یہ کیا سین ہے کہ جو کام میں نے نہیں کیا اس پر بھی جرمانہ ہورہا ہے اور مجھے گھر پر ڈانٹ الگ پڑ رہی ہے۔