اسلام آباد: ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ جولائی میں تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں زیادہ جمع کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ انکم ٹیکس میں کمی کے باوجود تنخواہ دار طبقے سے زیادہ ٹیکس جمع کیا گیا اور رواں برس جولائی میں ایف بی آر نے تنخواہ دار طبقے سے انکم ٹیکس کی مد میں 44 ارب روپے جمع کیے۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 25-2024 کے ماہ جولائی میں 42 ارب روپے اور مالی سال 24-2023 کے ماہ جولائی میں 30 ارب روپے جمع کیے گئے تھے۔
واضح رہے حکومت نے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں 22 لاکھ روپے سالانہ سے اوپر کی سلیب پر انکم ٹیکس میں کمی کی تھی۔
حکومت نے سالانہ 22 تا 32 لاکھ روپے آمدن والی سلیب پر انکم ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد، سالانہ 32 تا 41 لاکھ روپے آمدن پر ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے کم کرکے 25 فیصد کی تھی۔
اسی طرح سالانہ 41 تا 56 لاکھ روپے آمدن والی سلیب پر ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کرکے 29 فیصد کی تھی جب کہ سالانہ 56 تا 70 لاکھ روپے آمدن والے افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کرکے 32 فیصد تک کی گئی تھی۔