لاہور: ماہرین کہتے ہیں، انسان کی پہلی زبان 17 لاکھ سال پہلے وجود میں آئی، پھر 5 ہزار سال قبل انسان اپنی باتوں کو تحریر میں ڈھالنے لگا اور یوں رسم الخط نے جنم لیا۔
خیال تھا کہ اولیّں تحریری نظام مصر (خط ِ ہیروغلیفی) اور وادی دجلہ و فرات یعنی عراق (خطِ میخی) میں سامنے آئے۔
مگر اب پروفیسر کیتھیرین کیلی (اپسالا یونیورسٹی، سویڈن) اور پروفیسر لاگان بورن (سائمن فریزر یونیورسٹی، کینیڈا) کی زیر قیادت ماہرین کی ٹیم نے مٹی کی قدیم تختیوں پر پانچ سال کی تحقیق کے بعد دریافت کیا ہے کہ دنیا کا پہلا باقاعدہ تحریری نظام ’’پروٹو (ابتدائی) عیلامی رسم الخط‘‘ ہے۔
اس رسم الخط نے ریاست عیلام میں جنم لیا جو 5200 سال پہلے مغربی ایران میں قائم ہوئی تھی، گویا قدیم ایرانی باشندوں نے انسانیت کو پہلے تحریری نظام کا تحفہ دیا اور یوں انسانی تہذیب و تمدن کی ترقی اور نشوونما میں اہم کردار ادا کیا۔