راولپنڈی میں دھماکا: ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

راولپنڈی: پیر ودھائی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق پیر ودھائی میں زوردار دھماکا ہوا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور افراتفری مچ گئی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچیں، جہاں 9 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ باقی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
راولپنڈی پولیس ترجمان نے بتایا کہ پیر ودھائی تھانے کے قریب کریانہ اسٹور کے سامنے دھماکا ہوا۔ پولیس ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا پتا لگایا جارہا ہے، تاہم دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔
پولیس کے مطابق دھماکا رکشا میں ہوا ہے اور بظاہر رکشا کی ٹینکی یا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے۔ ترجمان 1122 نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال علم نہیں ہوسکا۔

Exploderawalpindi