کراچی: ٹی وی کے مقبول اداکاروں رمشا خان اور خوشحال خان نے شادی کا باضابطہ اعلان کردیا اور شادی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں۔
رمشا اور خوشحال خان نے انسٹاگرام پر ایک مشترکہ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، ہم خوشی سے یہ خبر شیئر کررہے ہیں کہ الحمدللہ ہم شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ ہم اس نئے سفر کا آغاز ایک ساتھ کرنے پر بے حد شکر گزار ہیں۔ جن سب لوگوں نے اس راستے میں ہمارا ساتھ دیا، ہمیں محبت اور دعاؤں سے نوازا، ان سب کا دل سے شکریہ، آپ کی محبت ہمارے لیے الفاظ سے کہیں بڑھ کر ہے۔
رمشا اور خوشحال کی جانب سے کہا گیا کہ اس خوشی کے موقع پر ہم آپ سب سے مؤدبانہ درخواست کرتے ہیں کہ ہماری ذاتی زندگی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ ہمارے اس سفر کا حصہ بننے اور ہمیشہ ہمیں اپنی محبت اور دعاؤں میں یاد رکھنے کا شکریہ۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی شادی کی تصاویر میں رمشا کو لال رنگ کے عروسی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے جب کہ خوشحال نے کالے رنگ کی شلوار قمیض زیب تن کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شادی کی افواہوں کے بعد رمشا اور خوشحال کے نکاح کی تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔
تاہم بعدازاں اداکارہ رمشا خان نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے تصویر وائرل کرنے والوں پر برہمی کا بھی اظہار کیا تھا۔