کراچی کے مضافات میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

کراچی: شہر قائد کے مضافات میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ترجمان محکمۂ موسمیات انجم نذیر کے مطابق شہر کے مضافات میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہر میں ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔
انجم نذیر نے بتایا کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ بالائی علاقوں کو متاثر کررہا ہے، تاہم آنے والے ہفتے تک کراچی میں تیز بارش کے امکانات نہیں۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اگست میں بارش کے امکانات بن سکتے ہیں لیکن ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں آج گرمی اور حبس کی کیفیت بدستور برقرار ہے، آج دن بھر موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
اس کے علاوہ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے اور مغرب سے 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔