کراچی: محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کا شدید کم دباؤ شدت اختیار کرگیا ہے، سسٹم ڈیپ ڈپریشن کی صورت میں اڑیسہ اور چھتیس گڑھ میں ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سسٹم کے تحت 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، تھرپارکر، عمرکوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جام شورو، نواب شاہ، نوشہروفیروز، دادو میں بھی بارش کا امکان ہے۔
جیکب آباد، شکارپور، سکھر، گھوٹکی اور کشمور، لاڑکانہ اور کراچی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سکھر، شہید بینظیر آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ جیکب آباد، قمبرشہداد کوٹ، شکارپور، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور دادو میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال کی مون سون ہواؤں کا بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جب کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ اس وقت ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔