بلے کے نشان کی بحالی کیلیے پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

راولپنڈی: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بلے کا نشان واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے اور امید ہے سپریم کورٹ مداخلت کرے گی۔ ہمارا نشان بحال ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سائفر کیس کو اوپن ٹرائل نہیں سمجھتا، یہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، ہر انسان کے بنیادی حقوق ہیں، عدالتوں کو اسے قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے، سائفر کیس میں کوشش کی جارہی ہے کوئی باہر نہ جاسکے، ہمیں ابھی کوئی سرٹیفائیڈ کاپیز بھی فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑی عجلت میں ساری چیزیں ہورہی ہیں، سپریم کورٹ نے واضح کہا سب کچھ کریں، کرمنل ٹرائل عجلت میں نہیں کیا جاسکتا، سوائے ہمارے کسی کا بھی کرمنل ٹرائل عجلت میں نہیں ہورہا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے، امید ہے عدالت انصاف کرے گی، ان شاء اللہ سپریم کورٹ مداخلت کرے گی ہمارا نشان بحال ہوگا، بلا پاکستان کے 70 فیصد عوام کی نشانی ہے، کوئی بھی نشان الاٹ ہو وہ آپ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے آرڈر میں کوئی ذکر نہیں کیا کہ جنہوں نے درخواستیں جمع کرائیں کیا وہ پی ٹی آئی کا حصہ تھے یا نہیں، الیکشن کمیشن نے ذکر ہی نہیں کیا، ہم نے کسی قانون یا ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن پر کوئی اعتراض نہیں ہوسکتا، الیکشن کمیشن نے جو کل آرڈر منظور کیا ہے وہ اس کے پہلے آرڈر سے متصادم ہے۔

batChairman PTI Gohar Khanmedia talkPTIRestore election symbolSupreme Court