پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل گرفتار

کراچی: پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ڈیفنس فیز 8 کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق گورنر عمران اسماعیل کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے گرفتار کیا جس کے بعد انہیں درخشاں تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران اسماعیل کی کراچی میں انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے، سابق گورنر کے خلاف ٹیپو سلطان اور فیروزآباد تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
رینجرز کی چوکی، جیل کی گاڑی، بس اور دیگر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات پہلے سے درج ہیں جن میں پی ٹی آئی کے 20 رہنما نامزد ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس سے گرفتاری کے بعد عمران اسماعیل کو شرقی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، جن میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، شیریں مزاری، فردوس شمیم نقوی اور علی زیدی سمیت کئی رہنما شامل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو جیکب آباد اور فردوس شمیم نقوی کو سکھر جیل منتقل کیا جاچکا ہے۔

 

ArrestedDefence KarachiHomePTI Leader Imran Ismail