گلگت بلتستان انتخابات میں جیت پر پی پی مبارکباد کی مستحق ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے پُرامن الیکشن کے انعقاد پر گلگت بلتستان کے عوام کو بھی مبارک باد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، پیپلز پارٹی مبارک باد کی مستحق ہے، صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اس کے علاوہ (ن) لیگ کے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اچھا مقابلہ کیا، مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے بھرپور محنت کی، ان کو شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر گلگت کے عوام بھی تحسین کے لائق ہیں، پُرامن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں، الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار الیکشن یقینی بنایا جو قابل ستائش ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پُرامن الیکشن کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کیلئے پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 9 نشستوں پر میدان مار لیا ہے۔