پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے سے زائد کمی، ایل پی جی بھی سستی

اسلام آباد: عوام کے لیے خوش خبری، وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 12 روپے 63 پیسے فی لیٹر کم کردی گئی ہے اور نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت 12 روپے 13 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 235 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور اب لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کا گھریلو سلنڈر سستا کردیا۔
اوگرا نے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ یکم اکتوبر سے ایل پی جی کے 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت2374.25 روپے ہوگی۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 201.20 روپے فی کلو ہوگی۔

DieselFinance Minister Ishaq DarLPGograPetrolrate reduce