پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22،22 روپے فی لیٹر کمی

اسلام آباد: مرکزی حکومت نے عید کے تیسرے دن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
ادھر مٹی کا تیل بھی 41 روپے 44 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا، اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر ہوگئی، اس سے پہلے مٹی کے تیل کی قیمت 313 روپے 44 پیسے فی لیٹر تھی۔
ذرائع پٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ پٹرول پر لیوی کی شرح کم اور ڈیزل پر بڑھا دی گئی، پٹرول پرعائد لیوی میں 10 روپے 83 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی، فی لیٹر پٹرول پر لیوی102.17 روپے سے کم کرکے 91.34 روپے کردی گئی۔
ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی میں 10 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، فی لیٹر ڈیزل پر لیوی 58 روپے سے بڑھاکر 68.93 روپے کردی گئی۔ ذرائع پٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے برقرار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لیے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا، پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشا استعمال کرنے والوں کے لیے فیول پر سبسڈی دی۔