پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمتوں میں 13 روپے سے زائد اضافہ

اسلام آباد: حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا اور پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت پاکستان نے اگلے ہفتے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے اور اس کا اطلاق 11 جولائی 2026 سے اگلے ہفتے کے لیے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے 18 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 297 روپے 53 پیسے سے بڑھ کر 310 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 13 روپے 80 پیسے اضافے کے بعد 309 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر323 روپے 30 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت نے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 13 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق ایک ہفتے کے لیے ہوچکا ہے۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 97 پیسے کمی کردی تھی۔

حکومت نے 4 جولائی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 97 پیسے کی کمی کے بعد 297 روپے 53 پیسے مقرر کی تھی جبکہ اس سے قبل 299 روپے 50 پیسے تھی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی ایک روپے 97 پیسے کم کرکے فی لیٹر 309 روپے 50 پیسے ہوگئی تھی، حکومت نے اس سے قبل ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 311 روپے 47 پیسے مقرر کی تھی۔