پاکستان کا کردار اہم، مذاکرات میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے، عباس عراقچی

سینٹ پیٹرزبرگ: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سینٹ پیٹرزبرگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم مکمل کامیابی ابھی باقی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور بات چیت کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔
عباس عراقچی کے مطابق ماضی میں مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجہ امریکا کی غلط پالیسیاں اور حد سے زیادہ مطالبات تھے، جنہوں نے کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے میں رکاوٹ ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ ملاقاتوں میں ماضی کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مذاکرات کے طریقہ کار اور ممکنہ شرائط پر بھی بات چیت کی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ روسی صدر پوتن سے ملاقات کریں گے، جو موجودہ جنگی صورت حال اور خطے کی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کا ایک اہم موقع ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور روس کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر قریبی مشاورت جاری ہے اور موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے درمیان رابطہ اور ہم آہنگی نہایت اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایران، روس اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سفارتی سرگرمیاں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔