سیکڑوں پاکستانی مسافروں کو امارات آنے سے روک دیا گیا!

لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور دیگر فضائی کمپنیوں کے متحدہ عرب امارات جانے والے سیکڑوں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے اور متحدہ عرب امارات نے اجازت دینے کے باوجود مسافروں کو نہ آنے دیا۔
گزشتہ روز متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے اپنے ملک آمد سے قبل فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (آئی سی اے) سے منظوری لینے کے عمل کو ختم کردیا گیا ہے۔
جب پی کے 217 پشاور ابوظہبی کے مسافر ایئرپورٹس پہنچے تو چیک ان کے عمل کے دوران ویزے کی منظوری نہیں بھیجی گئی۔
پی آئی اے انتظامیہ نے ابو ظہبی ایئرپورٹ حکام سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ آئی سی اے منظوری کو ختم کردیا گیا ہے اور ایسا کوئی مسئلہ نہیں تاہم امارات کے امیگریشن حکام نے پی آئی اے کو تنبیہہ کی کہ اگر ایسے مسافر آئے تو وہ انہیں ڈی پورٹ کرکے ایئر لائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔
گزشتہ روز پی آئی اے کے 59 مسافر پشاور سے ابوظہبی کی پرواز پر نہ جاسکے اور ایئرپورٹ پر ہی انتظار کررہے ہیں جب کہ اسلام آباد سے بھی ایک نجی ایئرلائن کے 83 مسافر ابوظہبی کی پرواز سے واپس اتارے گئے۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے ابوظہبی ایئرپورٹ حکام سے اپنے کنٹری منیجرز کے ذریعے کنفیوژن کو ختم کرنے کے لیے رابطے میں ہے، اگر مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو پاکستان کے سفارتی ذرائع سے بھی مدد کی درخواست کی جائے گی۔

Pakistani passengersUAE