اسلام آباد: پاکستانی کوہ پیما سلمان عتیق نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے ملک کا نام ایک بار پھر عالمی سطح پر روشن کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سلمان عتیق نے آج صبح 11 بج کر 49 منٹ پر ایورسٹ کی چوٹی پر کامیابی کے ساتھ قدم رکھا اور یہ شاندار کارنامہ انجام دیا۔
ماؤنٹ ایورسٹ، جو نیپال اور چین کی سرحد پر واقع ہے، دنیا کی بلند ترین چوٹی ہے جس کی بلندی 8848 میٹر ہے۔ اس خطرناک اور مشکل ترین مہم کو سر کرنا ہر کوہ پیما کا خواب ہوتا ہے، اور سلمان عتیق نے اپنی محنت، مستقل مزاجی اور بلند حوصلے کے ساتھ یہ خواب حقیقت میں بدل دیا۔
سلمان عتیق ایورسٹ سر کرنے والے 14ویں پاکستانی کوہ پیما ہیں، جو پاکستان کے کوہ پیمائی کے شعبے کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور گزشتہ سال نیپال میں ماسلو کی چوٹی بھی کامیابی سے سر کر چکے ہیں۔
سلمان عتیق کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی عزم و حوصلے کی علامت ہے بلکہ یہ پاکستان کے نوجوان کوہ پیماؤں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔ ان کی یہ تاریخی کامیابی ملک میں مہم جوئی کے کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔