ابوظبی میں پاکستانی شہری نے ڈیڑھ کروڑ درہم کی لاٹری جیت لی

ابوظبی: ابوظبی کی لاٹری میں پاکستانی شہری نے 1 کروڑ 50 لاکھ درہم کا بڑا انعام جیت لیا مگر جب انتظامیہ نے انہیں کامیابی کی اطلاع دی تو وہ اس خبر کو فراڈ کال سمجھ بیٹھے۔
لاٹری انتظامیہ نے 64 سالہ شوکت آفتاب کو پاکستان میں فون کرکے خوش خبری سنائی، تاہم اتنی بڑی رقم جیتنے کی اطلاع پر انہیں یقین ہی نہ آیا۔
بعدازاں لاٹری انتظامیہ نے شوکت آفتاب کو ویب سائٹ پر اپنا ٹکٹ نمبر چیک کرنے کی ہدایت کی۔ جب انہوں نے ٹکٹ نمبر چیک کیا تو اپنی حیران کن کامیابی کی تصدیق ہوگئی۔
شوکت آفتاب گزشتہ 15 سال سے باقاعدگی کے ساتھ لاٹری ٹکٹ خرید رہے تھے اور طویل انتظار کے بعد قسمت نے ان کا ساتھ دے دیا۔
اسی قرعہ اندازی میں چار بھارتی شہریوں اور ایک بنگلادیشی شہری نے بھی ایک ایک لاکھ درہم کے انعامات اپنے نام کیے۔
یوں ایک فون کال، جسے شوکت آفتاب پہلے دھوکا سمجھ رہے تھے، بالآخر ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشخبری ثابت ہوئی۔