خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں کی وزیرِاعظم سے ملاقات

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف سے خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا بازوں خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے بھی شرکت کی جب کہ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیرِاعظم نے دونوں نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کے لیے جانا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یہ خلا باز پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔
وزیرِاعظم نے خلا بازوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ شبانہ روز محنت کے باعث انہوں نے یہ مقام حاصل کیا جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی تعاون سے یہ خلائی سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔
چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کا تعاون دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور دونوں ممالک ستاروں تک رسائی کے لیے مشترکہ طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ چینی سفیر نے وزیرِاعظم کے خیالات کا خیرمقدم کرتے ہوئے خلائی تحقیق میں دو طرفہ تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔
اس موقع پر خلابازوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے خلا میں تحقیق کے فرائض انجام دینا ان کے لیے باعث عزت اور منفرد اعزاز ہے اور وہ اپنی محنت اور لگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔