اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک گیر سطح پر "قومی انڈر 15 اسکول ہاکی چیمپئن شپ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام” شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، ملک بھر سے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا، ایک وسیع قومی ٹیلنٹ پول تیار کرنا اور اسکول ہاکی سے قومی ٹیم تک ایک منظم راستہ قائم کرنا ہے۔
جنوری 2027ء کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں انڈر 15 اسکول ہاکی چیمپئن شپس منعقد کی جائیں گی۔ ان مقابلوں کا انعقاد متعلقہ کھیلوں کے محکمے، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس، آئی بی سی سی، تعلیمی بورڈز اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔ اضلاع اور ڈویژن کی سطح پر اسکولوں کو شرکت کی ترغیب دی جائے گی تاکہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔
جنوری کی چیمپئن شپس کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے والے قومی مقابلے کے لیے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 4، 4 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے 2، 2 ٹاپ ٹیمیں کوالیفائی کریں گی، لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے یکساں عمل اپنایا جائے گا۔
منتخب تمام علاقائی ٹیمیں فروری 2027ء میں اسلام آباد میں یکجا ہوں گی۔ پی ایچ ایف کے سلیکٹرز اور معتبر کوچز کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں، فٹنس اور کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر قومی ڈیٹا بیس تیار کریں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی چیمپئن شپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی تین ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور ترقیاتی امداد دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، ڈیفینڈر، مڈفیلڈر اور فارورڈ کے لیے خصوصی انفرادی انعام کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر صرف فاتح ٹیموں تک محدود رہے بغیر ملک بھر سے بہترین لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل ایک وسیع "قومی ٹیلنٹ پول” قائم کیا جائے گا۔ اس پول کی بنیاد پر پاکستان انڈر 15 بوائز ٹیم اور پاکستان انڈر 15 گرلز ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے ریزرو رکھا جائے گا۔