چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان ون ڈے کرکٹ کا نیا حکمراں!

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم نے چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر عالمی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ یوں پاکستان ون ڈے کرکٹ کا نیا حکمراں بن گیا۔
کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری اور آغا سلمان کی جارحانہ 58 رنز کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 334 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 232 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ یوں پاکستان کو 102 رنز کی شاندار کامیابی ملی، اس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے کرکٹ کی نئی حکمراں بھی بن گئی۔ اسامہ میر نے 4 جب کہ محمد وسیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بابراعظم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے کراچی میں ہونے والے چوتھے مقابلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے باآسانی شکست دی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں فتح حاصل کرنے والے بعد عالمی ٹیبل پوائنٹس پر پاکستانی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر آگئی جب کہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آسٹریلیا اور بھارت ہیں۔
آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 113.483 کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 113.286 کے ساتھ دوسرے جب کہ بھارت 112.683 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تاریخی کامیابی پر ٹیم اور قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم، پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف اس اہم موقع پر مبارک باد کے مستحق ہیں، مجھے ٹیم پر فخر ہے اور اس کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ میرے پچھلے دور میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی اور اب وہ ون ڈے میں بھی دنیا کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے، امید ہے کہ ہماری جو ٹریننگ ہورہی ہے وہ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ میں کام آئے گی۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ یہ عالمی رینکنگ تبدیل ہوتی رہتی ہیں لہذا یہ جو خوشی ملی ہے اسے منایا جائے۔

Beat NZBecome World No 1 TeamFirst TimeODI CricketPakistan