بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ

سری نگر: بھارتی فوج کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس درھو ہیلی کاپٹر مقبوضہ کشمیر میں معمول کی پرواز کے دوران نامعلوم وجوہ کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ انڈین آرمی کے 3 افسران کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر درھو مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتور میں گر کر تباہ ہوا۔ سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سرچ آپریشن ٹیم کو ہیلی کاپٹر کی باقیات ایک دریا سے مل گئیں۔ پائلٹ اور معاون پائلٹ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
قبل ازیں ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع دیتے ہوئے بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں تین افسران موجود ہیں، تاہم اب تک دو زخمی افسران کا پتا چل سکا ہے۔
تیسرے آفیسر کی تلاش کا کام جاری ہے، جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جارہے ہیں۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کا یہ تیسرا ہیلی کاپٹر ہے جو ایک ماہ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوا۔

CrashedHelicopterIndian armyoccupied Kashmir