کراچی کے نجی اسپتال میں دورانِ ڈیلیوری نومولود تیز دھار آلے سے جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں نجی اسپتال میں دوران ڈیلیوری نومولود گلے پر زخم آنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔
ورثاء کے مطابق ڈیلیوری کے دوران گلے پر تیز دھار آلہ پھرنے کے باعث بچہ جاں بحق ہوا۔
نومولود کے تایا اشرف نے بتایا کہ چھوٹے بھائی امین کے گھر بچے کی پیدائش تھی، امین بس ڈرائیور اور5 بچوں کا باپ ہے۔
تایا کا کہنا تھا کہ ہم غریب لوگ ہیں، کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے، ہم بچے کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں کروانا چاہتے، اسپتال کے عملے نے ڈیلیوری کے آدھے گھنٹے بعد بتایا کہ بچہ مردہ پیدا ہوا، بعد میں دیکھا تو بچے کے گردن پر تیز دھار آلے کا نشان تھا اور گلے سے خون بہہ رہا تھا۔
تایا نے مزید کہا کہ ہم بچے کی لاش گھر لے کر جارہے ہیں، مزید بچے کو تکلیف نہیں دینا چاہتے لیکن ایسے اسپتالوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔